Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / آئندہ تین برسوں میں حیدرآباد کی ترقی کے نئے دور کا آغاز

آئندہ تین برسوں میں حیدرآباد کی ترقی کے نئے دور کا آغاز

جامع ترقی کا منصوبہ، بنیادی سہولتوں اور سیاحت سے شہرت : ٹی ہریش راؤ
حیدرآباد۔/14مئی، ( سیاست نیوز ) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت حیدرآباد کو ہر شعبہ میں ترقی دیتے ہوئے عالمی معیار کا شہر بنانے کے عہد پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں حیدرآباد میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔انہوں نے آج گریٹر حیدرآباد کے بھارتی نگر ڈیویژن میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اس اجلاس میں ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے حیدرآباد کیلئے ایک جامع ترقیاتی منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ سیاحت کے اعتبار سے دنیا بھر میں حیدرآباد مقبولیت حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے انتخابات کے موقع پر عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے ان پر صد فیصد عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے بھارتی نگر ڈیویژن کو تمام ڈیویژنوں میں ترقیافتہ بنانے کا عہد کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مساعی سے حیدرآباد کو گوداوری کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ ہریش راؤ نے مختلف پراجکٹس کا حوالہ دیتے ہوئے عہدیداروں سے کہا کہ وہ پوری سنجیدگی کے ساتھ پراجکٹ کی تکمیل میں جُٹ جائیں تاکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں حکومت کو کامیابی ملے۔ ہریش راؤ نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی کاموں کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیتے رہیں۔ اس موقع پر ارکان پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی، وشویشور ریڈی، رکن اسمبلی مہیپال ریڈی اور رکن قانون سازکونسل بھوپال ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT