Monday , August 21 2017
Home / ہندوستان / آئندہ ماہ آئی پی ایل میاچس مہاراشٹرا سے منتقل

آئندہ ماہ آئی پی ایل میاچس مہاراشٹرا سے منتقل

خشک سالی کے باعث عوام کی قابل رحم حالت ، ہائیکورٹ کا ریمارک
ممبئی ۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہائیکورٹ نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو 30 اپریل کے بعد مہاراشٹرا میں کھیلے جانے والے تمام انڈین پریمیئر لیگ کے میاچس قحط سے متاثرہ ریاست سے باہر منتقل کردینے کی ہدایت دی۔ یہاں 10 میاچس کھیلے جانے والے ہیں جو کنگس الیون پنجاب، ممبئی انڈینس اور رائزنگ پونے کے علاوہ دو ناک آوٹ مرحلہ کے میچس شامل ہیں۔ یہی نہیں بلکہ 29 مئی کو فائنل میچ بھی کھیلا جائے گا لیکن ہائیکورٹ کے فیصلہ سے ان تمام پر اثر پڑے گا۔ یہ میاچس  ممبئی، پونے اور ناگپور میں کھیلے جانے والے تھے۔ بی سی سی آئی نے یہ یقین دہانی کرائی کہ ممبئی انڈینس اور رائزنگ پونے نے فی کس پانچ کروڑ روپئے کی رقم چیف منسٹر کے خشک سالی ریلیف فنڈ میں جمع کرانے سے اتفاق کیا ہے۔ اس کے باوجود عدالت نے 30 اپریل کے بعد تمام میاچس ریاست سے منتقل کردینے کی ہدایت دی۔ جسٹس وی ایم کناڈے اور جسٹس ایم ایس کارنک پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے کہا ہم اس بات سے اتفاق کرتے ہیںکہ صرف آئی پی ایل میاچس کی منتقلی اس مسئلہ کا حل نہیں لیکن مہاراشٹرا میں خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کی سمت یہ شروعات ضرور ہوسکتی ہے۔ کئی لوگ پانی کی قلت کے باعث مر رہے ہیں اور عدالت لوگوں کی اس قابل رحم حالت کو نظرانداز نہیں کرسکتی۔ اس دوران آئی پی ایل میاچس اور صنعتوں کو پانی کی سربراہی میں فرق محسوس کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے کہا کہ ان کی حکومت آئی پی ایل میاچس کی مخالف نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے صرف اتنا کہا تھا کہ آئی پی ایل کیلئے پینے کا پانی سربراہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خشک سالی سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT