Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / آئندہ ماہ حیدرآباد میں انڈو گلوبل ایجوکشن سمٹ 2015

آئندہ ماہ حیدرآباد میں انڈو گلوبل ایجوکشن سمٹ 2015

عالمی سطح کی مختلف یونیورسٹیز اور ہندوستان کے معیاری اداروں کی شرکت
حیدرآباد۔ 28 اکتوبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں آئندہ ماہ انڈو گلوبل ایجوکیشنل سمٹ 2015ء منعقد ہوگی جس میں دنیا بھر کی مختلف یونیورسٹیز اور ہندوستان کے معیاری ادارہ جات شرکت کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ دو روزہ ایجوکیشنل سمٹ میں 35 سے زائد بیرونی جامعات حصہ لیں گی جبکہ کئی ہندوستانی تعلیمی اداروں نے بھی شرکت کی توثیق کردی ہے۔ 14 اور 15 نومبر منعقد ہونے والی اس انڈو گلوبل ایجوکیشنل سمٹ میں دور حاضر میں طلبہ کی ضرورتوں کے علاوہ عالمی معیار کی جامعات میں داخلوں اور تعلیم سے متعلق دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حالیہ عرصہ میں جو امریکہ، آسٹریلیا، برطانیہ جیسے ممالک میں تعلیم حاصل کرنے کے رجحان میں ہوئے اضافہ اور دیگر ممالک میں موجود عصری کورسیس میں داخلوں کیلئے کی جانے والی کوششوں کا بھی جائزہ لیتے ہوئے داخلوں کو آسان بنانے کے متعلق غوروخوض کیا جائے گا۔ عالمی یونیورسٹیز اور تعلیمی ادارہ جات کے درمیان تال میل کو بہتر بناتے ہوئے طلبہ کو بہتر سہولتوں کی فراہمی و مواقع سے واقف کروانے کیلئے منعقد ہورہی اس دو روزہ سمٹ کا انعقاد فیڈریشن آف تلنگانہ اینڈ آندھرا پردیش چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اِنڈس فاؤنڈیشن کے تعاون سے عمل میں آئے گا۔ ہندوستانی جامعات و تعلیمی ادارہ جات میں موجود ریسرچ پروگرامس کے متعلق بیرونی یونیورسٹیز کے ذمہ داران کو واقف کرواتے ہوئے بیرونی طلبہ کو ہندوستان میں داخلوں کیلئے راغب کروانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سمٹ میں پہلی مرتبہ سوڈان کے نمائندے بھی شرکت کے لئے رضامندی ظاہر کرچکے ہیں۔ دنیا بھر میں موجود کئی ممالک سے طلبہ ہندوستانی جامعات و تعلیمی ادارہ جات میں داخلے حاصل کررہے ہیں چونکہ ہندوستان میں بھی تعلیم کا معیار بتدریج بڑھتا جارہا ہے اسی لئے مختلف ممالک کے ساتھ ہندوستانی تعلیمی اداروں و جامعات کی شراکت داری و مشترکہ کورسیس کے آغاز کے متعلق بھی غور کیا جارہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT