Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ میں شدید بارش کا امکان

آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ میں شدید بارش کا امکان

حیدرآباد 25 اگسٹ ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کے تقریبا تمام اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کچھ مقامات پر بھاری سے بہت زیادہ شدت کی بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی ۔ محکمہ کے عہدیداروں نے کہا کہ جنوب مغربی مانسون تلنگانہ میں سرگرم ہے ۔ ریاست کے اضلاع عادل آباد اور نلگنڈہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ اس دوران کہا گیا ہے کہ اوڈیشہ اور اطراف کے علاقوں میں کل ہوا کے دباؤ میں کمی کی جو صورتحال بنی ہوئی تھی اب وہ شمالی چھتیس گڑھ اور اطراف تک پھیل گئی ہے ۔ سطح سمندر پر بھی سرگرمیاں جنوبی ٹاملناڈو اور ساحلی آندھرا پردیش میں جاری ہیں۔ اس کے اثر سے سارے تلنگانہ میں بیشتر مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ تاہم محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے بموجب تلنگانہ کے تقریبا تمام اضلاع میں کچھ مقامات پر شدید سے بہت زیادہ شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں شام یا رات کے اوقات میں بارش ہوسکتی یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ درجہ حرارت 30 ڈگری سلسئیس سے 23 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT