Tuesday , October 17 2017
Home / Top Stories / آئی ایس ایل ۔ 2 کی افتتاحی تقریب میں ایشوریہ، رحمن کی دھوم

آئی ایس ایل ۔ 2 کی افتتاحی تقریب میں ایشوریہ، رحمن کی دھوم

مختصر پروگرام میں ملک بھر کی متعدد ممتاز شخصیتیں شریک ۔ افتتاحی مقابلے میں اے ٹی کے کامیاب
چینائی ، 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایشوریہ رائے بچن کا دم بخود کردینے والا تھرکتا رقص اور اس کے ساتھ اے آر رحمن کی دل کو چھولینے والی موسیقی نے زبردست سماں باندھا جبکہ مختلف شعبہ جات حیات سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیتیں آج یہاں فٹبال کی خاطر جمع ہوئیں اور مختصر افتتاحی تقریب میں انڈین سوپر لیگ (آئی ایس ایل) کے دوسرے سیزن کا آغاز ہوا۔ ایک طرف خوبصورت ایشوریہ اپنے سوپر ہٹ گیتوں جیسے ڈولا رے ڈولا، دھوم دھوم پر اپنے رقص سے ناظرین کو کافی محظوظ کیا، تو دوسری طرف اس شام کی خاص بات نامور موسیقار رحمن بھی رہے جنھوں نے یہاں جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں قومی ترانہ کو پیش کرتے ہوئے سامعین سے زبردست داد و تحسین حاصل کی۔ 45 منٹ کے پروگرام کے شرکاء میں سچن تنڈولکر، رجنی کانت، مکیش اور نیتا امبانی کے علاوہ بچن فیملی بھی شامل ہے۔ نوجوان بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے بھی اپنی ہٹ فلموں جیسے ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے گیتوں پر ناظرین کو محظوظ کیا اور آئی ایس ایل کے موضوعاتی گیت پر بھی پرفارمنس پیش کیا۔ امیتابھ بچن مسلسل تالیاں بجاتے دیکھے گئے جب اُن کی بہو ایشوریہ اپنا پرفارمنس پیش کررہی تھیں۔ بعدازاں افتتاحی مقابلے میں پرتگالی اسٹرائیکر ہیلڈر پوسٹیگا نے دو گول اسکور کئے جبکہ ڈیفنڈنگ چمپینس اٹلیٹکو ڈی کولکاتا (اے ٹی کے) نے اپنی مہم کی کامیاب شروعات کرتے ہوئے چینائین ایف سی کو 3-2 سے ہرا دیا۔ نقدی سے مالا مال ہیرو انڈین سوپر لیگ کا یہ پہلا میچ کافی سنسنی خیز رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اچھی مسابقت دیکھنے میں آئی۔ تاہم پوسٹیگا کے گول فیصلہ کن ثابت ہوئے۔

TOPPOPULARRECENT