Friday , September 22 2017
Home / Top Stories / آئی ایس نے ایک شخص کا سرقلم کردیا

آئی ایس نے ایک شخص کا سرقلم کردیا

لندن ۔ 16 ۔فروری (سیاست ڈاٹ کام) اسلامک اسٹیٹ نے سوشیل میڈیا پر نئی تصاویر جاری کی ہے جس میں ایک شخص کا سر قلم کرتے ہوئے اور ایک دوسرے شخص کا ہاتھ کاٹتے ہوئے دکھایا گیا۔ تصویر میں نقاب پوش دہشت گرد ایک شخص کی گردن پر تلوار لئے کھڑا جبکہ دوسرا اسے مضبوطی سے جکڑے ہوئے ہے۔ عراق اور شام کے بعض علاقوں پر اب بھی آئی ایس کا کنٹرول ہے اور یہاں نام نہاد خلافت کا اعلان کیا گیا ہے۔ آئی ایس نے اسلامی قوانین کے نام پر مختلف طرح کے مظالم کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور وقفہ وقفہ سے اس طرح کی تصاویر اور ویڈیوز و سوشیل میڈیا پر جاری کرتے رہے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ سر قلم کرنے کا یہ واقعہ رقہ میں پیش آیا۔ اس علاقہ پر گزشتہ دو سال سے آئی ایس کا کنٹرول ہے۔ اسی طرح موصل میں ایک شخص کے ہاتھ کاٹتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ دو سال پہلے آئی ایس نے سوشیل میڈیا پر ہی ایک دستاویز جاری کرتے ہوئے تعزیری قواعد کی صراحت کی تھی اور کہا تھا کہ جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو اسلامک اسٹیٹ میں شرعی قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ کی عدالت میں مقدمہ کی سماعت کے بعد یہ سزائیں دی جارہی ہیں۔ سزا پر عمل آوری سے پہلے مجرم کے کرتوت سب کے سامنے پڑھ کر سنائے جاتے ہیں اور سزا کے وقت زیادہ سے زیادہ عوام کی شرکت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ یہاں پر اہانت اسلام کے علاوہ قتل، جاسوسی اور دیگر سنگین جرائم کی سزا موت ہے۔ چور کے ہاتھ کاٹ دیئے جاتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT