Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / آئی پی ایل کا آج سے آغاز ، ممبئی ۔پونے کے درمیان پہلا مقابلہ

آئی پی ایل کا آج سے آغاز ، ممبئی ۔پونے کے درمیان پہلا مقابلہ

روہت اور لنڈل سیمنس کی دفاعی چمپئن ٹیم پر برتری کیلئے ورلڈ چمپئن کپتان دھونی کی کوشش
ممبئی ۔ 8 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بمبئی ہائیکورٹ نے آئی پی ایل کھیل کے آغاز کی اجازت دیدی ہے جس کے ساتھ ہی کرکٹ کے اس تہوار کا کل سے یہاں آغاز ہوگا جس میں ممبئی انڈینس ( ایم آئی ) اپنے خطاب کی دفاع کیلئے کامیاب مہم شروع کریں گے ۔ان کا پہلا مقابلہ ورلڈ کپ کے فاتح کپتان مہندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت نئی ٹیم رائزنگ پونے سوپر جینٹس سے ہوگا ۔ عدالت عالیہ نے مہاراشٹرا میں آئی پی ایل کے افتتاح کے خلاف حکم التواء جاری کرنے سے انکار کردیا ۔ اس ریاست کے کئی حصے پانی کی شدید قلت کے بدترین بحران سے دوچار ہیں۔ آئی پی ایل میں اس سال دو اہم ٹیمیں شامل نہیں رہیں گی کیونکہ لودھا کمیٹی کی سفارشات کے مطابق چینائی سوپر کنگس اور راجستھان رائلس کو دو سال کیلئے معطل کردیا گیاہے ۔ چنانچہ رائزنگ پونے سوپر جینٹس (آر پی ایس جی ) کو فاتح کپتان اور سی ایس کے کے تجربہ کار کوچ اسٹیفن فلیمنگ کی کامیاب جوڑی مل گئی ہے ۔ تاہم وانکھیڈے اسٹیڈیم کے حالات کو بہتر سمجھنے والے ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما اور کوچ رکی پونٹنگ نے اس اسٹیڈیم کو اپنا طاقتور قلعہ قرار دیا ہے جہاں سوپر جینٹس کو مقامی ٹیم کو قدم بہ قدم روکنے کی ضرورت ہوگی ۔ میزبان ممبئی انڈینس کو گزشتہ سال ابتدائی کھیلوں میں لگاتار چار مرتبہ شکست فاش ہوئی تھی  ۔ اس مرتبہ آر پی ایس کے چیلنج کا جواب دینے کیلئے وہ موثر حکمت عملی تیار کرچکی ہے ۔ ان کے پاس لنڈل سیمنس بھی ہیں جنھوں نے 31 مارچ کو وانکھیڈے اسٹیڈیم پر کھیلے گئے سیمی فائنلس میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف فائنل کیلئے پسندیدہ ہندوستانی ٹیم کو ٹورنمنٹ سے باہر کردیا تھا بلکہ ویسٹ انڈیز کو فائنل میں جگہ بنانے اور بالآخر ورلڈ کپ جیتنے میں کلیدی رول ادا کیا تھا ۔

سیمنس اور شرما نے اننگز کے آعاز کا فیصلہ کیا ہے ۔ اوپری سطح پر یہ اہم جوڑی ہوسکتی ہے جن کے بعد امباٹی رائیڈو اور انگلینڈ کے وکٹ کیپر و طوفانی بیٹسمین جوس بٹلر ، کوری اینڈرسن ، جارحانہ بیٹنگ کیلئے مشہور کیرون پولارڈ اور ہاردک پانڈیا ایک کے بعد دیگر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے ۔ اس دوران ممبئی انڈینس اپنے ایک اہم پیسر لستھ ملنگا کی غیرموجودگی سے پیدا ہونے والے خلاء کو پُر کرنے کی سرگرم مساعی میں مصروف ہے ۔ زخمی ملنگا اس لیگ کے کم سے کم پہلے نصف میں حصہ نہیں لے سکیں گے ،پونٹنگ نے گزشتہ روز اس کی توثیق کی تھی ۔ جسپریت بمرا کافی بہتری پیدا کرچکے ہیں جنھیں اینڈرسن ، ٹم ساؤتھی ، مچل مک کلینا گھان اور مرچنٹ ڈی لانگ جیسے ساتھیوں کی خاطر خواہ مدد کرنے کی ضرورت ہوگی ۔ اسپین کے شعبہ میں ماہر و تجربہ کار ہربھجن سنگھ پر ایم آئی زیادہ انحصار کررہی ہے ۔ پرجوش سردار کو ہندوستانی منتظمین و تجزیہ نگاروں نے ورلڈ ٹی ۔ 20 میں نظرانداز کردیا تھا حالانکہ وہ 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کئے جاچکے تھے ۔ چنانچہ ہربھجن اب دھونی اینڈ کمپنی کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کیلئے بے چین ہیں۔ دوسری طرف سوپر جینٹس کے پاس اجنکیا رہانے ، کیون پیٹرسن ، اسٹیو اسمتھ ، مچل مارچ اور فرینکوئی ڈوپلیسی بھی کپتان دھونی کے ساتھ ہیں۔ علاوہ ازیں ایلبی مورکل اور عرفان پٹھان جیسے اچھے آل راؤنڈرس بھی ہیں۔ ایشانت شرما اور روی چندرن اشون پر مشتمل پیس اور اسپین کا ایک اچھا امتزاج ہے ۔ آف اسپین کے دو حریفوں اشون اور ہربھجن کے درمیان طاقت آزمائی اس مقابلہ کی ایک اہم دلچسپی ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT