Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / آبادی کی مناسبت سے مسلمانوں کو مختلف عہدے دینے کا مطالبہ

آبادی کی مناسبت سے مسلمانوں کو مختلف عہدے دینے کا مطالبہ

تحفظات فراہمی پر کے سی آر کے اعلان کا خیرمقدم، وی ہنمنت راؤ کانگریسی قائد کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 اگست (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے آبادی کے تناسب سے مسلمانوں کے بشمول دیگر طبقات کو پہلے کابینہ ۔ کارپوریشن و بورڈ کے علاوہ وائس چانسلر کے عہدے دینے کا چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سے مطالبہ کیا۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ مسلمانوں اور قبائلی طبقات کی معاشی، سماجی اور تعلیمی صورتحال پر سدھیر کمیشن اور چلپاکمیشن نے کل چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کی ہے جس کے بعد چیف منسٹر نے مسلمانوں کو آبادی کے تناسب سے 12 فیصد اور قبائیلی طبقات کو 10 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں۔ تاہم چیف منسٹر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پہلے اپنی کابینہ میں مسلمانوں، قبائیلوں، ایس سی اور بی سی طبقات کے ساتھ آبادی کا نصف فیصد تناسب رکھنے والے طبقات کو نمائندگی دیں تب ہی ان کی باتوں پر سماج کے تمام طبقات بھروسہ کریں گے۔ 50 فیصد آبادی رکھنے والی خواتین کو تلنگانہ کی کابینہ میں نظرانداز کردیا گیا ہے۔ 54 فیصد آبادی رکھنے والے بی سی طبقات کو معمولی نمائندگی دی گئی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ جس کا مطالبہ کررہے ہیں اس پر عمل کرنے کیلئے ریاستی حکومت کو مرکز سے منظوری حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ چیف منسٹر تلنگانہ کے اختیارات میں ہے۔ ریاست میں جن کی آبادی کم ہے ان کو کابینہ میں زیادہ نمائندگی دی گئی ہے، جن کی آبادی زیادہ انہیں کم نمائندگی دی گئی ہے۔ سماجی تلنگانہ کا نعرہ دینے والے کے سی آر نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے بعد اپنی کابینہ میںکوئی سماجی انصاف نہیں کیا ہے۔ دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے خود چیف منسٹر بن گئے۔ مسلمانوں اور قبائلوں کے تحفظات میں توسیع کرنے کیلئے بی سی اور ایس ٹی کمیشن تشکیل دینے کے بجائے کابینہ اور اسمبلی میں قرارداد منظور کرکے دہلی روانہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مسلمانوں اور قبائلوں کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔ مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے کیا وہ مسلم تحفظات میں توسیع کو قبول کرے گی۔ چیف منسٹر غیر ذمہ دارانہ باتیں کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT