Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / آبپاشی مسئلہ پر حکومت کرناٹک سے ہریش راؤ کی بات چیت

آبپاشی مسئلہ پر حکومت کرناٹک سے ہریش راؤ کی بات چیت

حیدرآباد۔/20مئی، ( آئی این این ) ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے آج ٹیلی فون پر کرناٹک کے اپنے ہم منصب ایم بی پاٹل سے بات چیت کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ ضلع محبوب نگر کے راجولی بنڈہ ڈائیورشن اسکیمات پر کاموں کو جاری رکھیں۔ ہریش راؤ نے ایم بی پاٹل پر زور دیا کہ وہ حکومت آندھرا پردیش کی شکایات کو نظرانداز کرتے ہوئے اس پراجکٹ پر کام کریں۔ آندھرا پردیش حکومت غیر ضروری طور پر ان کاموں کو روکنے کی کوشش کررہی ہے۔ تلنگانہ حکومت بچاوت ٹریبونل کے منظورہ پانی کے حصہ کے مطابق اپنے حصہ کا پانی حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ کلکٹر کرنول نے رائچور کے کلکٹر کو مکتوب لکھتے ہوئے آر ڈی ایس پراجکٹ کو روکنے کی خواہش کی ہے۔ ہریش راؤ نے اس مکتوب کے خلاف ایم بی پاٹل سے نمائندگی کی اور حکومت آندھرا پردیش کے ارادوں سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ حکومت آندھرا پردیش تلنگانہ کے حصہ کا پانی روکنا چاہتی ہے۔
ریاستی حکومتوں کو آج یوم انسداد دہشت گردی منانے کی ہدایت
نئی دہلی۔/20مئی، ( این ایس ایس ) مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 21مئی کو یوم انسداد دہشت گردی منائیں۔ یوم انسداد دہشت گردی منانے کا مقصد نوجوانوں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں سے دور رکھنا ہے اور عام آدمی کو نقصان پہنچانے سے گریز کرتے ہوئے تشدد کا خاتمہ کرنا ہے۔ یہی قومی مفاد میں ہوگا کہ ہر نوجوان خود کو تشدد سے دور رکھے اور یوم انسداد دہشت گردی کے موقع پر عہد کرتے ہوئے قومی خدمت انجام دے۔ تلنگانہ حکومت کے چیف سکریٹری نے بتایا کہ انہوں نے سکریٹریٹ میں تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 21مئی کو یوم انسداد دہشت گردی منائیں۔حکومت تلنگانہ ریاست میں امن و امان کو یقینی بنانے اور نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے مہم شروع کررہی ہے۔ یوم انسداد دہشت گردی اِسی سلسلہ کا حصہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT