Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / آبپاشی پراجکٹس پر کانگریس کا پاور پوائنٹ پریزنٹیشن بے جان

آبپاشی پراجکٹس پر کانگریس کا پاور پوائنٹ پریزنٹیشن بے جان

کانگریس بوکھلاہٹ کا شکار ، وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی آر کا بیان
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ٹی آر نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس پر کانگریس کے پیش کردہ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن بے جان ہے ۔ دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ماہرین اور انجینئرس کانگریس کے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کی مخالفت کررہے ہیں ۔ کانگریس قائدین نے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر غیر تکنیکی اور غیر سائنٹفک پریزنٹیشن پیش کیا ہے ۔ جس کی نوعیت صفر ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت کا جلایگنم دھنا یگنم میں تبدیل ہوگیا تھا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے ماہرین آبپاشی اور انجینئرس سے کافی دنوں تک مشاورت کے بعد منصوبہ بندی کرتے ہوئے اسمبلی میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا ہے ۔ جس کی کانگریس کے کئی قائدین نے ستائش کی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی اپنی قائدانہ صلاحیتوں پر اٹھنے والی انگلیوں پر اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کانگریس کے دور حکومت میں ایک کروڑ ایکڑ اراضی کو پانی سیراب کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ ضمنی و دیگر انتخابات میں بار بار شکست کے باوجود کانگریس پارٹی نے اپنا محاسبہ نہیں کیا ۔ اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے کے بجائے تنقید برائے تنقید پر کام کرتے ہوئے کانگریس پارٹی عوامی تائید سے محروم ہورہی ہے ۔ حال ہی میں سپریم کورٹ کی جانب سے اسپیکر تلنگانہ اور سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے ارکان اسمبلی کو دی گئی نوٹس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون انحراف اپنا کام کرے گا ۔ شرح ترقی میں تلنگانہ دوسری ریاستوں سے سرفہرست رہنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ بدعنوانیوں کے لیے ریاست میں کوئی گنجائش نہیں ہے شفافیت کے ساتھ نظم و نسق اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT