Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر پر اپوزیشن جماعتوں کا واویلا

آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر پر اپوزیشن جماعتوں کا واویلا

الزامات مسترد ، وزیر صحت لکشما ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔21۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر صحت لکشما ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں تلنگانہ میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر پر غیر ضروری تنازعہ پیدا کر رہی ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لکشما ریڈی نے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ اپوزیشن کا مقصد پراجکٹس کی تکمیل کے بجائے ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا ہے ۔ نئی ریاست کے قیام کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے ترقیاتی اقدامات کا آغاز کیا۔ آبپاشی پراجکٹس کے آغاز کا مقصد زرعی شعبہ کو مستقل طور پر خشک سالی کی صورتحال سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگو دیشم دور حکومت میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کو بری طرح نظرانداز کردیا گیا تھا۔ آندھرائی حکمرانوں کے تحت کام کرنے والے کانگریس اور تلگو دیشم قائدین نے اس وقت آواز نہیں اٹھائی جب تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی جارہی تھی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں ہرگزنہیں چاہتی کہ عوام کی بھلائی ہو۔ پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹ دراصل عوام دشمنی ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں تلنگانہ کو ہمیشہ کیلئے پسماندہ دیکھنا چاہتی ہیں۔ تلگو دیشم اور کانگریس قائدین کو ریاست کی ترقی اور پراجکٹس کی تکمیل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کی تکمیل کیلئے اراضی کا حصول ضروری ہے اور کانگریس دور حکومت میں بھی کسانوں سے اراضی حاصل کی گئی تھی ۔ تاہم اب اراضی کے حصول پر غیر ضروری ہنگامہ آرائی کرنا مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں ہر پراجکٹ میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیاں اور دھاندلیاں کی گئیں۔ آج وہی قائدین ٹی آر ایس حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کی تعمیر میں مکمل شفافیت ہے اور سرکاری رقومات کا صحیح استعمال کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مشن بھگیرتا اور ہریتا ہرم پروگراموں کو ریاست میں سرسبزی و شادابی کے لئے ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ ان پروگراموں پر اپوزیشن کے اعتراضات باعث حیرت ہیں۔ لکشما ریڈی نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ پراجکٹس کے خلاف  غیر ضروری تنقیدوں سے باز آئیں کیونکہ کوئی بھی طاقت آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کو روک نہیں پائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا رویہ مخالف پراجکٹس برقرار رہا تو عوام انہیں سبق سکھانے کیلئے تیار ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT