Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / آبپاشی پراجکٹس کے لیے معاہدہ ایک دھوکہ

آبپاشی پراجکٹس کے لیے معاہدہ ایک دھوکہ

مہاراشٹرا کے شرائط پر معاہدہ تلنگانہ عوام کے ساتھ نا انصافی : محمد علی شبیر
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے تلنگانہ اور مہاراشٹرا حکومتوں کے درمیان آبپاشی پراجکٹس کے درمیان طئے پائے معاہدوں کو دھوکہ اور میگا اسکام قرار دیتے ہوئے یوم سیاہ پر جشن منانے کا ٹی آر ایس کیڈر اور چیف منسٹر تلنگانہ پر الزام عائد کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر محمد علی شبیر نے مہاراشٹرا کے شرائط پر آبپاشی پراجکٹس کے معاہدے کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کے ساتھ نا انصافی کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے استعمال کے لیے معاہدوں پر دستخط کر کے ممبئی سے چیف منسٹر کے حیدرآباد پہونچنے کے بعد ٹی آر ایس کے کیڈر نے جو جشن منایا ہے وہ معنی خیز ہے ۔ تلنگانہ عوام سے نا انصافی پر دراصل یوم سیاہ منانا چاہئے ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے کہا کہ دریائے گوداوری پر تعمیر ہونے والے ڈیم کو 152 میٹر سے گھٹا کر 148 میٹر تعمیر کرنا تلنگانہ کے لیے نقصان دہ ہے اور عوام سے نا انصافی ہے ۔ مسٹر محمد علی شبیر نے 5 مئی 2012 کو چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این کرن کمار ریڈی اور چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر پرتھیوراج چوہان کے مرکزی وزیر آبپاشی مسٹر پون کمار بنسل کی موجودگی میں پراجکٹس کی تعمیر کے لیے 152 میٹر کے لیے طئے پائے معاہدوں کی کاپی میڈیا کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے تلنگانہ سے نا انصافی کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ پہلے سے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس کے درمیان طئے پائے معاہدے کو برخاست کرتے ہوئے پراجکٹ کی تعمیر میں 4 میٹر کو گھٹاتے ہوئے تلنگانہ عوام سے نا انصافی کی گئی ہے ۔ اپنی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے جشن مناتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔ مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ اس نئے معاہدے سے پراجکٹس کی قیمت 38,000 کروڑ سے بڑھ کر 86,000 کروڑ ہوگئی ۔ 50 ہزار کروڑ کی بے قاعدگیاں کرتے ہوئے بہت بڑا اسکام کیا گیا ہے ۔ فیصلہ کرنے سے قبل چیف منسٹر تلنگانہ نے اپوزیشن کو بھی اعتماد میں نہیں لیا ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور اسمبلی کے بجٹ سیشن میں اس کو موضوع بحث بناتے ہوئے دونوں حکومتوں کی جانب سے جو دھوکہ دیا جارہا ہے اس کا اور اسکام کا پردہ فاش کرے گی ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT