Sunday , May 28 2017
Home / شہر کی خبریں / آبی ذخائر پر شمسی توانائی کی پیداوار کا منصوبہ

آبی ذخائر پر شمسی توانائی کی پیداوار کا منصوبہ

محکمہ آبپاشی کی کمپنیوں سے بات چیت ، تلنگانہ میں برقی قلت ختم کرنے کی مساعی
حیدرآباد۔9فروری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست کے آبی ذخائر پر بھی شمسی توانائی کی پیداوار کے متعلق منصوبہ بندی میں مصروف ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کے محکمہ آبپاشی کی جانب سے ان کمپنیوں سے بات چیت بھی شروع کی جا چکی ہے اور بہت جلد ان امور کو قطعیت دیئے جانے کا امکان ہے۔ریاست میں برقی پیداوار کو مزید مستحکم بنانے کے علاوہ قابل تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے کیئے جانے والے اقدامات میں آبی ذخائر پر شمسی توانائی پراجکٹ کی تنصیب کا منصوبہ سب سے اہم تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ ریاست میں جتنے آبی ذخائر ہیں ان پر شمسی توانائی کی پیدا وار شروع کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ریاست فاضل برقی پیدا کرنے والی ریاستوں میں سرفہرست ہو سکتی ہے۔محکمہ آبپاشی کے ذرائع کے بموجب حکومت کی جانب سے اس منصوبہ کو قطعیت دی جاتی ہے تو ایسی صورت میں اس عمل کو شروع کرنے میں تاخیر نہیں ہوگی کیونکہ ذخائر آب پر سولار پراجکٹ کی تنصیب کے لئے محکمہ جاتی اجازت کے علاوہ کوئی اور امور نہیں ہیں۔عہدیداروں کے بموجب آئندہ سال کے آغاز تک ریاست کو فاضل برقی پیداوار والی ریاست میں تبدیل کرنے کیلئے کی جانے والی ان کوششوں میں یہ منصوبہ انتہائی کارگر ثابت ہوسکتا ہے اور اگر ذخائر آب پر شمسی توانائی کے ذریعہ برقی پیدا وار شروع کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ریاست تلنگانہ کو دیگر ریاستوں سے برقی پیداوار کی ضرورت باقی نہیں رہے گی بلکہ ریاست میں پیدا ہونے والی برقی کے ذریعہ ریاست میں بلا وقفہ برقی سربراہی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دو تا تین برس کی منصوبہ بندی کے ساتھ شروع کئے جانے والے اس پراجکٹ کیلئے حکومت اور محکمہ آبپاشی کی جانب سے بینکرس سے مشاورت کی جا رہی ہے تاکہ اس پراجکٹ کو بینکرس کے ذریعہ قرض فراہم کروایا جا سکے کیونکہ شمسی توانائی کی پیدا واراور سربراہی انتہائی منفعت بخش ہے۔ اس منصوبہ کے قطعیت پانے کی صورت میںریاست میں برقی قلت مکمل طور پر ختم ہو جائے گی اور اس کا فائدہ ریاست کے صنعتی شعبہ کو بھی حاصل ہوگا جس سے ریاست کی آمدنی اور ریاست میں سرمایہ کاری میں بھی اضـافہ کے امکانات روشن ہو سکتے ہیں۔اسی لئے 2017کے دوران سولار میں سرمایہ کاری مہم چلائی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT