Tuesday , September 19 2017
Home / ہندوستان / ’آج آپ جو کررہے ہیں کل وہی بھگتیں گے‘: کھرگے

’آج آپ جو کررہے ہیں کل وہی بھگتیں گے‘: کھرگے

نئی دہلی ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے وزیرتوانائی ڈی کے شیواکمار کی 64 جائیدادوں پر انکم ٹیکس دھاوؤں پر لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے نے سخت احتجاج کیا، تاہم وزیرفینانس جیٹلی نے کہا کہ اس مسئلہ کو گجرات میں ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات سے مربوط نہ کیا جائے۔ کھرگے نے شدید برہمی کے ساتھ کہا کہ ’’میں حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ارکان اسمبلی کو خوفزدہ یا دہشت زدہ نہ کرے۔ آپ (بی جے پی ؍ حکومت) آج جو کررہے ہیں کل وہی بھگتیں گے۔ اگر کوئی جرم ہوتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے حتیٰ کہ اس میں میں بھی ملوث پایا گیا تو بھی گریز نہ کیا جائے لیکن محض ایک شخص احمد پٹیل کو راجیہ سبھا انتخابات میں شکست دینے کیلئے آپ(بی جے پی ؍ حکومت) ایسی کارروائیوں پر اتر آئے ہیں۔

۔75 دفاعی اہلکار پاکستان کے زیرتحویل : حکومت
نئی دہلی۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا کو آج مطلع کیا گیا کہ 75 ہندوستانی دفاعی اہلکار جن میں 54 جنگی قیدی بھی شامل ہیں سمجھا جاتا ہے پاکستان میں ہیں۔ مملکتی وزیرخارجہ وی کے سنگھ نے تحریری جواب میں بتایا کہ ان لاپتہ ہندوستانیوں کی پاکستان نے تاحال توثیق نہیں کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 27 جولائی تک 417 ماہی گیر پاکستان کی تحویل میں تھے اور سری لنکا کی تحویل میں 15 ماہی گیر ہیں جو سمجھا جاتا ہے کہ ہندوستانی شہری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’پاکستان کے معاملہ میں قونصل رسائی کا انتظار ہے لیکن ان ریاستوں سے ان کے بارے میںکوئی اطلاعات دستیاب نہیں ہیں جہاں سے وہ تعلق رکھتے ہیں۔ جہاں تک سری لنکا کا معاملہ ہے وہاں زیرتحویل 15 ماہی گیروں کا تعلق ٹاملناڈو اور مرکزی زیرانتظام علاقہ پیڈوچیری سے ہوسکتا ہے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT