Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / آج بی سی سی آئی جنرل باڈی اجلاس ‘ سرینواسن کے مستقبل پر فیصلہ متوقع

آج بی سی سی آئی جنرل باڈی اجلاس ‘ سرینواسن کے مستقبل پر فیصلہ متوقع

سپریم کورٹ کی تقرر کردہ لودھا کمیٹی کی سفارشات سے قبل بڑے پیمانے پر اصلاحات کو یقینی بنائے جانے کا بھی امکان

ممبئی 8 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی ) کا کل 85 واں سالانہ جنرل باڈی اجلاس ممبئی میں منعقد ہونے والا ہے جس میں بورڈ کے امیج کو بہتر بنانے بڑے پیمانے پر اصلاحات اور بی سی سی آئی کے سابق سربراہ این سرینواسن کے آئی سی سی صدر نشین کی حیثیت سے مستقبل کے تعین جیسے امور اہم ایجنڈہ میں شامل رہیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی کے قواعد و قوانین میں جب کل کے اجلاس میں غور ہوگا تو ایک اخلاقیات عہدیدار کے تقرر پر بھی غور ہوگا ۔ سپریم کورٹ کی مقرر کردہ جسٹس لودھا کمیٹی کی جانب سے بورڈ میں اصلاحات سے متعلق سفارشات بہت جلد بورڈ کو پیش کی جانے والی ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ بورڈ کے ارکان اس اقدام کیلئے راہ ہموار کرینگے ۔ اس تعلق سے بورڈ کے صدر کی حیثیت سے گذشتہ مہینے دوبارہ انتخاب کے بعد سشانک منوہر نے پہلے ہی اشارہ دیدیا تھا ۔ یہ اشارے ملے ہیں کہ اخلاقیات عہدیدار کا تقرر اس لئے بھی ضروری سمجھا جا رہا ہے کہ بورڈ کے ارکان ‘ کسی منتظم یا کرکٹرس کے مفادات کے ٹکراؤ کی شکایات کا جائزہ لیا جاسکے ۔

یہ شکایات عام ہوتی جا رہی ہیں کہ موجودہ کرکٹرس ‘ بورڈ کے ارکان یا منتظمین کے کچھ تجارتی مفادات ہیں جن کو یہ لوگ ترجیح دے رہے ہیں۔ بورڈ کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس کا ماہ ستمبر کے اواخر میں انعقاد عمل میں آنے والا تھا تاہم اسے ایک ماہ سے ملتوی کیا جاتا رہا ہے ۔ امکان ہے کہ مفادات کے ٹکراؤ کے معاملہ میں قوانین کی سختی سے پابندی کو یقینی بنانے کیاقدامات پر زیادہ زور دیا جائیگا ۔ ایسا خاص طور پرا سلئے بھی کیا جائیگا کیونکہ سپریم کورٹ نے ان امور پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دی تھی ۔ یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ سشانک منوہر کو ان قوانین کی منظوری حاصل کرنے میں مشکلات ہوسکتی ہیں اور انہیں سبھی کو مطمئن کرنے کی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا ۔ بورڈ کے اجلاس میں یہ مسئلہ بھی اہمیت کا حامل رہے گا کہ آیا بورڈ کے سابق صدر این سرینواسن کو آئی سی سی میں بحیثیت صدر نشین اپنا نمائندہ برقرار رکھا جائے یا نہیں۔ حالیہ وقتوں میں یہ اطلاعات مل رہی تھیںکہ بورڈ آئی سی سی میں اپنے نمائندے کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کریگا اور این سرینواسن کی بجائے سشانک منوہر کو اس عہدہ کیلئے نامزد کیا جائیگا ۔ کل ہونے والے اجلاس میں این سرینواسن کی شرکت کا امکان نہیں ہے اور ٹاملناڈو کرکٹ اسوسی ایشن کی نمائندگی اس کے نائب صدر پی ایس رمن کرینگے ۔ اگر بورڈ کی جانب سے آئی سی سی میں سرینواسن کی بجائے منوہر کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو بورڈ کے امور میں سرینواسن کا تقریبا ہر رول ختم عملا ہوجائیگا ۔

TOPPOPULARRECENT