Sunday , October 22 2017
Home / Top Stories / آج جاپان اوپن کا آغاز،سندھو اور سائنا توجہ کا مرکز

آج جاپان اوپن کا آغاز،سندھو اور سائنا توجہ کا مرکز

 

ٹوکیو ۔ 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کوریا اوپن چمپیئن پی وی سندھو رواں سیزن اپنے تیسرے خطاب کیلئے کوشاں ہیں جیسا کہ کل یہاں 325,000 امریکی ڈالرس انعامی رقم کی جاپان اوپن سوپر سیریز کا آغاز ہورہا ہے۔ پی وی سندھو جنہوں نے گذشتہ روز کوریا اوپن میں اوکوہارا کو شکست دیکر سوپر سیریز حاصل کی ہے وہ اس ہفتہ جاپانی کھلاڑی کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔ علاوہ ازیں جاپان اوپن میں پی وی سندھو کے علاوہ سائنا نہوال بھی خاتون زمرہ کے سنگلس مقابلوں میں خطاب کی دعویدار ہیں تاہم ان پر خطاب کے حصول کیلئے دباؤ مزید بڑھ چکا ہے جو دراصل سندھو کی حالیہ فتوحات ہیں۔ مرد زمرہ کے مقابلوں میں کیڈمبی سریکانت بھی ہندوستانی امیدوں کا مہور ہیں۔ دریں اثناء 22 سالہ حیدرآبادی پی وی سندھو نے گذشتہ روز عالمی چمپیئن جاپان کی نوزومی اوکوہارا کو شکست دیکر کوریا اوپن خطاب حاصل کیا جو رواں سیزن سندھو کا سوپر سیریز زمرہ میں دوسرا خطاب ہے۔ امید ہیکہ سندھو متواتر تیسرے ٹورنمنٹ میں اوکوہارا کا سامنا کریں گی لیکن اس سے پہلے انہیں میتانی کے چیلنج کا سامنا رہے گا۔ مرد زمرہ میں عالمی درجہ بندی میں آٹھویں مقام پر فائز سریکانت جنہوں نے رواں سیزن انڈونیشیاء سوپرسیریز پریمیئر اور آسٹریلیا سوپرسیریز میں خطابات حاصل کئے ہیں وہ یہاں تیسرے خطاب کیلئے کوشاں ہوں گے لیکن پہلے ہی مرحلہ کے مقابلہ میں انہیں عالمی درجہ بندی میں دسویں مقام پر فائز چین کے ٹیان ہوئی کا سامنا کرنا ہے۔ گلاسگو ورلڈ چمپیئن شپ میں برونز میڈل حاصل کرنے والی سائنا نہوال کا پہلے مرحلہ میں مقابلہ تھائی لینڈ کی پورن پاوی چووانگ سے ہوگا۔ جنہیں شکست دیکر سائنا نے رواں برس کے اوائل ملائشیا ماسٹر خطاب حاصل کیا تھا۔ سائنا کیلئے دوسرے مرحلہ کا مقابلہ سحت ہوسکتا ہے کیونکہ ان کی حریف اولمپک چمپیئن اور سابق عالمی چمپیئن کیرولینا مارن سے ہوگا جس کے بعد ان کی حریف چین کی شین ژیانگ ژنگ ہوں گی۔

TOPPOPULARRECENT