Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / آج مرکزی میلاد جلوس

آج مرکزی میلاد جلوس

آج مرکزی میلاد جلوس
سٹی پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات کو قطعیت
حیدرآباد ۔11 ڈسمبر (سیاست نیوز) جشن میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر شہر کے مختلف مقامات بالخصوص پرانے شہر میں مرکزی میلاد جلوس نکالا جائے گا۔ اس موقع پر سٹی پولیس نے سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔ تاریخی مکہ مسجد سے آغاز ہونے والے مرکزی میلاد جلوس کے موقع پر صرف ساؤتھ زون میں 200 ہائی ڈیفینیشن سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور اس جلوس پر کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر واقع دفتر سٹی پولیس کمشنر بشیرباغ سے راست طور پر نگرانی رکھی جائے گی۔ شہر میں جملہ 6 ہزار پولیس فورس اور 10 آئی پی ایس عہدیداروں کو میلاد بندوبست کیلئے ڈیوٹی  پر متعین کیا جارہا ہے جبکہ ساؤتھ زون علاقہ میں 3 ہزار پولیس ملازمین اور ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (کرائمس) شریمتی سواتی لکرا کو انچارج بنایا گیا ہے۔ ہزاروں مسلمانوں کی جانب سے اس مرکزی میلاد جلوس میں شرکت کے پیش نظر پولیس ہر پہلو سے موثر سکیورٹی کے انتظامات کررہی ہے اور اس مرتبہ بھی ’’ڈی جے‘‘ بجانے پر پابندی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ پولیس جشن میں شامل ہونے والے نوجوانوں سے یہ اپیل کرتی ہے کہ وہ پانی کے پیاکٹس اور گلال دیگر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو پھینکنے سے گریز کریں۔ مرکزی میلاد جلوس تاریخی مکہ مسجد سے گیارہ بجے دن نکلے گا ۔ یہ جلوس براہ گلزار حوض ‘ پتھر گٹھی ‘ مدینہ بلڈنگ ‘ سالار جنگ میوزیم ‘ دارالشفا ‘ پرانی حویلی ‘ منڈی میر عالم ‘ اعتبار چوک سے ہوتا ہوا والٹا ہوٹل مغلپورہ پر اختتام پذیر ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT