Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / آج پاکستان ۔ نیوزی لینڈ پہلا T20 ، عامر کی 5 سال بعد واپسی

آج پاکستان ۔ نیوزی لینڈ پہلا T20 ، عامر کی 5 سال بعد واپسی

آکلینڈ ، 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کل شام یہاں ایڈن پارک میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم شاہد آفریدی کی قیادت میں میدان سنبھالے گی۔ میزبان ٹیم کے کپتان کین ولیمسن ہوں گے۔ نیوزی لینڈ نے گزشتہ ہفتے سری لنکا کے خلاف T20 سیریز 2-0 سے جیتی۔ دوسری جانب آفریدی کی ٹیم انگلینڈ کے مقابل 0-3 سے وائٹ واش ہونے کے بعد کیویز کے دیس پہنچی ہے۔ جمعہ کا مقابلہ اس لحاظ سے بھی نمایاں ہے کہ پانچ سال کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کرنے والے فاسٹ بولر محمد عامر پہلے ٹی ٹوئنٹی میں توجہ کا مرکز ہوں گے۔ آئی سی سی کی موجودہ T20 رینکنگ میں پاکستان چھٹی اور نیوزی لینڈ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔
اعتماد کی بحالی کیلئے جیت ضروری: آفریدی
اس دوران پاکستانی کپتان شاہد اور ہیڈ کوچ وقار یونس کو توقع ہے کہ ان کے کھلاڑی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ آفریدی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 سے قبل اعتماد کی بحالی کیلئے
جیت بہت ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب ہر کھلاڑی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے تو نتیجہ بھی اچھا آتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ والے ان دنوں بہت ہی اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، خاص کر وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر بہت مضبوط ٹیم ہے۔ لہٰذا پاکستانی ٹیم کو بھی سخت کرکٹ کھیلنی پڑے گی۔ آفریدی کا کہنا ہے کہ محمد عامر اور عمرگل کے آنے سے تیز بولنگ کا شعبہ مضبوط ہوا ہے۔ اسپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ عامر پانچ سال بعد پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ آفریدی کو توقع ہیکہ انگلینڈ کے خلاف تیز بولروں کی جانب سے آخری اووروں میں بہت زیادہ رنز دیئے جانے کا اعادہ نہیں ہوگا۔ ہیڈ کوچ وقار کے خیال میں عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر کے بارے میں سوچنے کے بجائے ایک، ایک میچ پر توجہ دینا ہوگی اور جب آپ جیتیں گے تو یقیناً رینکنگ میں بھی بہتری آئے گی۔ وقارکا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ اچھی فام میں ہے اور اسے ہرانے کیلئے پاکستان کو اپنی تمام تر صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ میچ 11-30 بجے دن (انڈیا ٹائم) شروع ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT