Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / آخری 2 ونڈے اور ابتدائی 2 ٹسٹ کیلئے آج قومی ٹیم کا انتخاب

آخری 2 ونڈے اور ابتدائی 2 ٹسٹ کیلئے آج قومی ٹیم کا انتخاب

٭   اشون اور ایشانت کے زخمی ہونے سے بولنگ شعبہ میں مسائل

نئی دہلی۔ 18 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سندیپ پٹیل کی قیادت میں جب سلیکشن کمیٹی یہاں جنوبی افریقہ کے خلاف رواں ونڈے سیریز کے مابقی 2 مقابلوں اور ابتدائی 2 ٹسٹ مقابلوں کے لئے ہندوستانی ٹیم کے انتخاب کے لئے اجلاس منعقد کرے گی تو بولنگ شعبہ میں انتخاب اس کے لئے ایک مشکل مرحلہ ہوگا، کیونکہ فاسٹ بولر ایشانت شرما اور روی چندرن اشون ہیں۔ ونڈے ٹیم کے انتخاب میں زیادہ دشواری نہیں ہوگی لیکن ہریانہ کے خلاف رانجی ٹرافی کے مقابلے میں ایشانت شرما عضلات کی جکڑن کا شکار ہوچکے ہیں۔ 15 رکنی ٹسٹ ٹیم کے انتخاب میں امید ہے کہ گزشتہ سیریز میں سری لنکا کے خلاف 2-1 کی کامیابی کے ذریعہ 22 برس بعد میزبان ٹیم کو اس کی سرزمین پر شکست دینے والی ٹیم کے 15 ارکان اپنا مقام برقرار رکھنے میں کامیاب ہوں گے۔ مرلی وجئے، شکھر دھون، ویراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے، چیٹیشور پجارا اور روہت شرما خودبخود ٹیم کا حصہ ہوں گے جبکہ سری لنکا کے خلاف ٹیم اسکور کے مقابلے میں سنچری اسکور کرنے والے لوکیش راہول محفوظ بیٹسمین ہوسکتے ہیں۔ بنگال کے وکٹ کیپر بیٹسمین وردھیمان ساہا جو زخمی ہونے کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف آخری ٹسٹ میں شرکت نہیں کرپائے تھے۔ ان کی واپسی بحیثیت وکٹ کیپر یقینی دکھائی دے رہی ہے۔

فاسٹ بولنگ شعبہ میں بھونیشور کمار، اومیش یادو اور ورون آرون 3 فاسٹ بولر ہوسکتے ہیں جبکہ کوئی معیاری آل راؤنڈر نہ ہونے کی وجہ سے اسٹیورٹ بنی کی شمولیت بھی یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ ایشانت شرما کی شمولیت اس لئے بھی نہیں ہوسکتی کیونکہ ان پر ایک مقابلے کی پابندی ہے جس کی وجہ سے وہ موہالی کا ٹسٹ نہیں کھیل پائیں گے اور اُمید نہیں کی جارہی ہے کہ وہ وقت سے پہلے صد فیصد صحتیاب ہوجائیں گے۔ علاوہ ازیں روی چندرن اشون کے زخمی ہونے سے بھی اسپن شعبہ میں مسائل موجود ہیں جیسا کہ اشون گرین یارک میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ونڈے میں 4.4 اوورس کی بولنگ ہی کرپائے تھے کیونکہ وہ اس مقابلے میں ایک گیند روکنے کی کوشش میں زخمی ہوئے ہیں۔ اشون کی غیرموجودگی میں رویندر جڈیجہ کے نام پر بھی غور ہوسکتا ہے کیونکہ وہ ہندوستانی حالات اور وکٹوں پر بہتر کھلاڑی ثابت ہوسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں ہربھجن سنگھ اور امیت مشرا اپنے مقامات باقی رکھنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں، نیز اشون کو اُمید ہے کہ وہ ٹسٹ ٹیم کا حصہ ہوں گے کیونکہ ایک جانب ان کا زخم زیادہ سنگین نوعیت کا نہیں ہے تو دوسری جانب ٹسٹ سیریز کے آغاز میں ہنوز وقت ہے۔

TOPPOPULARRECENT