Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / آر ایس ایس ایجنڈہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے:ممتا بنرجی

آر ایس ایس ایجنڈہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے:ممتا بنرجی

کلکتہ24مارچ(یو این آئی)مغربی بنگال سے متعلق آرایس ایس کے بیانات اور ترنمول کانگریس کی قیادت والی حکومت پر مسلمانوں کی خوشامدکے الزامات پر چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کہا ہے : ’’چوں کہ آر ایس ایس کی ہزارہا کوششوں کے باوجود بی جے پی کو بنگال میں کامیابی نہیں مل رہی ہے اس لیے وہ مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ تقسیم  کی سیاست پر اُتر آئے ہیں مگر بنگال میں آر ایس ایس کو کامیابی نہیں ملنے والی اور ہم آر ایس ایس کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے‘‘۔ گزشتہ روز ایک بنگالی نیوز چینل کو دو گھنٹے انٹرویو میں چیف منسٹر ممتا بنرجی نے مختلف موضوعات اور مسائل پر کھل کر بات چیت کی ۔انہوں نے جہاں ناردا اسٹنگ آپریشن کو ترنمول کانگریس کو غیر مستحکم کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب جانتے ہیں کہ ناردا اسٹنگ آپریشن کے مقاصد کیا تھے اور اسے پورے منصوبے کے تحت جاری کیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہمیں حیرت اس بات کی ہے اس سازش میں ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہونے والے صنعت کار کے ڈی سنگھ بھی شامل ہیں اور انہوں نے اس کیلئے روپے فراہم کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ناردا اسٹنگ آپریشن کے ویڈیوز پہلے بی جے پی کے دفتر سے جاری کیا گیا تھا۔ 2016کے اسمبلی انتخابات سے عین قبل ریلیز کرنے کے باوجود بی جے پی کو بنگال میں کامیابی نہیں ملی اور ہم نے 294سیٹوں میں سے 211پر کامیابی حاصل کی۔ تیستاندی کے پانی کے اشتراک پر معاہدہ سے متعلق سوال پر چیف منسٹر نے کہا کہ ہند،بنگلہ دیش کے درمیان معاہدہ ہونے والے ہیں ہم اس پر تبصرہ کرنا نہیں چاہتے ہیں مگر ہم بنگال کے مفادات سے ہرگز مفاہمت نہیں کریں گے ۔چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کہاکہ اگلے مہینے بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ ہندوستان آنے والی ہیں اور اس پر دونوں ملکوں سے بات چیت ہونی چاہئے ۔’’جتنا میں جانتی ہوں اس کے مطابق 25مئی کو اس پر معاہدہ ہونے والا ہے ۔لیکن اب تک مرکزی حکومت نے مجھ سے اس پر کوئی بات چیت نہیں کی ہے‘‘ ۔چیف منسٹر نے کہا کہ میں بنگلہ دیش کے خلاف نہیں ہوں اور میرے تعلقات بھی شیخ حسینہ سے بہتر ہیں مگر ان سب کے باوجود بنگال کے مفادات سب سے مقدم ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ آر ایس ایس بنگال میں اپنی کارکردگی سے مایوس ہوچکی ہے ۔اور اسے ہمارے خلاف کوئی مسئلہ نہیں مل رہا ہے ،اس لئے وہ مذہبی جذبات اور فرقہ واریت کو پھیلاکر بنگال میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر انہیں کامیابی نہیں ملی گی۔کیوں کہ بنگال میں فرقہ واریت کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے تمام طبقات کی خدمت کرنا اور سبھوں کی ترقی سے متعلق سوچنا ان کی ذمہ داری ہے ۔نوٹ منسوخی کے بعد اترپردیش اور دیگر ریاستوں میں بی جے پی کی کامیابی پر چیف منسٹر نے کہا کہ نوٹ منسوخی کے ملک کی معیشت پر گہرے اثرات پڑے ہیں اور اس کا اندازہ بعد میں ہوگا۔جہاں تک کالا دھن کا سوال ہے تو مرکزی حکومت کے دعوے جھوٹے ہیں کالا دھن میں کمی نہیں آئی ہے ۔ممتا بنرجی نے سوال کیا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں الیکشن کمیشن نے کتنا کالادھن ضبط کیا ہے ، اس کا جواب کیا کسی کے پاس ہے؟ 2019ء میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے چیف منسٹر نے کہا کہ ہم تنہا مقابلہ کرنے کو تیار ہے مگر سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو متحد کرنا ضروری ہے تاکہ ووٹ کے انتشار کا فائدہ بی جے پی کو نہ ملے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی بنگال فتح کرنے کی کوشش کررہی ہے اور ہم ہندوستان کو فتح کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT