Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / آر ایس ایس کو گاندھی جی کے قتل کا ذمہ دار قرار دینے پر … راہول معذرت خواہی یا مقدمہ کا سامنا کریں : سپریم کورٹ

آر ایس ایس کو گاندھی جی کے قتل کا ذمہ دار قرار دینے پر … راہول معذرت خواہی یا مقدمہ کا سامنا کریں : سپریم کورٹ

نئی دہلی 19 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج واضح کیا کہ راہول گاندھی کو ‘ جنہوں نے گاندھی جی کے قتل کیلئے آر ایس ایس کو ذمہ دار قرار دیا تھا ‘ اس طرح کے اجتماعی ریمارک سے گریز کرنا چاہئے تھا اور اگر وہ اس مسئلہ پرمعذرت خواہی نہیں کرتے ہیں تو انہیں مقدمہ کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ جسٹس دیپک مصرا اور جسٹس آر ایف نریمن پر مشتمل ایک بنچ نے اپنی رولنگ میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ہوسکتا ہے کہ تاریخی اعتبار سے درست بھی ہو لیکن حقیقت یا بیان کو عوامی رائے کے تقاضوں کی مطابقت میں ہونا چاہئے ۔ آپ اس طرح کے اجتماعی حوالے نہیں دے سکتے ۔ بنچ نے کہا کہ آزادی کو ختم یا کم نہیں کیا جا رہا ہے ۔ جس چیز کو روکا جا رہا ہے وہ در اصل توہین آمیز تقریر ہے ۔ جو کچھ بھی مصنفین ‘ سیاستدان ‘ ناقدین اور دوسرے کہتے ہیں اس مواد میں عوام میں جگہ پانے کی گنجائش ہونی چاہئے ۔

بنچ نے راہول گاندھی کی تقریر پر سوال کیا اور حیرت ظاہر کی کہ انہوں نے غلط تاریخی حقیقت کو پیش کرتے ہوئے تقریر کیوں کی ۔ عدالت نے کہا کہ ججس نے غور و خوض کیا ہے اور راہول گاندھی کو اس کیس میں مقدمہ کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ عدالت کو صرف یہ دیکھنا ہے کہ آیا جو الزامات عائد کئے گئے ہیں وہ دفعہ 499 ( ہتک عزت ) کے زمرہ میں آتے ہیں یا نہیں ۔ اس پر فیصلہ پہلے سے موجود ہے ۔ راہول کی پیروی کرتے ہوئے سینئر وکیل ہرین راول نے کہا کہ اس تقریر میں جو کچھ کہا گیا ہے وہ وہ سرکاری ریکارڈز اور پنجاب و ہریانہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی بنیاد پر کہا گیا ہے اور راہول راست آر ایس ایس کا حوالہ نہیں دے رہے تھے ۔ بنچ نے پنجاب و ہریانہ ہائیکورٹ کے فیصلے کا مشاہدہ کرنے کے بعد کہا کہ اس میں کہا گیا ہے کہ ناتھو رام گوڈسے ایک آر ایس ایس ورکر تھا اور یہ کہنا کہ گوڈسے نے گاندھی کو قتل کیا اور آر ایس ایس نے گاندھی کو قتل کیا یہ دو الگ باتیں ہیں۔

معذرت خواہی نہیں کی جائے گی : کانگریس
نئی دہلی 19 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج کہا کہ راہول گاندھی آر ایس ایس کیخلاف اپنے ریمارکس پر معذرت خواہی نہیں کرینگے اور اس کی بجائے وہ تاریخی حقائق اور شواہد کے ساتھ عدالت میں اپنے ادعا کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرینگے ۔ کانگریس کے ترجمان اعلی رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ جہاں تک راہول گاندھی کے معذرت یا افسوس ظاہر کرنے کا مسئلہ ہے ‘ اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

TOPPOPULARRECENT