Friday , October 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / آر سی بی، ممبئی انڈینس دونوں کو پوائنٹس ٹیبل میں آج ترقی کا موقع

آر سی بی، ممبئی انڈینس دونوں کو پوائنٹس ٹیبل میں آج ترقی کا موقع

بنگلورو ، 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) رائل چیلنجرز بنگلور اپنی گزشتہ شب کی ایک رن کی اعصاب شکن فتح سے حاصل اعتماد کو آگے بڑھانا چاہیں گے جب وہ ممبئی انڈینس سے مقابلہ کررہے ہوں گے، جنھیں اپنے گزشتہ مقابلے میں ذلت آمیز شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ موجودہ طور پر پوائنٹس ٹیبل میں کمتر چھٹی پوزیشن پر موجود رائل چیلنجرز کیلئے جیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے تاکہ آئی پی ایل پلے آف مرحلے تک رسائی کی اپنی امیدوں کو برقرار رکھا جائے۔ تین میچ کی ناکامی کا سلسلہ توڑتے ہوئے رائزنگ پونے سوپر جائنٹس اور کنگس الیون پنجاب کے خلاف متواتر فتوحات توقع ہے انھیں بلند حوصلہ رکھے گی جب وہ یہاں چناسوامی اسٹیڈیم میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلیں گے۔ درحقیقت، کل رات موہالی میں کنگس الیون پنجاب کے مقابل سنسنی خیز اختتام میں فتح سے بنگلور ٹیم کو کافی اعتماد حاصل ہوا ہوگا۔ تاہم، کل ناکامی انھیں بڑی پریشانی میں ڈال دے گی اور اُن کیلئے پلے آف مرحلے میں داخلہ مشکل تر ہوجائے گا۔ تمام نظریں پھر ایک بار کپتان ویراٹ کوہلی پر مرکوز ہوں گی، جن کا جاریہ آئی پی ایل میں پرفارمنس حریفوں کو دم بخود کرچکا ہے۔

وہ بیٹنگ چارٹ میں ابھی تک 561 رنز کے ساتھ اول ہیں، جس میں دو سنچریاں اور چار ففٹیاں شامل ہیں۔ کیپٹن کے علاوہ آر سی بی اپنے اسٹار بیٹسمن اے بی ڈی ولیرز پر بھی کافی انحصار کرتی آئی ہے۔ جنوبی افریقی نے اپنی طاقت پھر ایک بار کل رات ثابت کی جب انھوں نے 35 گیندوں میں 64 رنز بناتے ہوئے ٹیم کو مسابقتی 175 تک پہنچایا۔ اوپنر کے ایل راہول (42) نے بھی اہم حصہ ادا کیا۔ راہول اور آل راؤنڈر شین واٹسن بعض اہم اننگز کے ساتھ بنگلور کے اہم کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔ کرس گیل جیسے اسٹار کی قطعی گیارہ میں عدم شمولیت کے باوجود آر سی بی کا بیٹنگ مظاہرہ ثابت کرتا ہے کہ وہ اس شعبے میں بہت غلبہ رکھتا ہیں، لیکن اُن کا اوسط بولنگ اٹیک اکثر میچوں میں 180 سے زیادہ کے اسکورز کے دفاع میں تک ناکام ہوا ہے۔ گیند سے اُن کے دو بسٹ پرفارمرز واٹسن اور یوزویندر چاہل رہے ہیں لیکن اسٹوارٹ بنی، ورون آرن اور کرس جارڈن سب نے وافر رنز دیئے ہیں۔ کل جب میدان سنبھالنے کا وقت آئے تو آر سی بی بولرز کو کافی بہتر کارکردگی پیش کرنا ہوگا تاکہ ٹیم کے بیٹنگ ڈپارٹمنٹ کی مدد ہوجائے۔ دریں اثناء ممبئی انڈینس اپنے گزشتہ میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کے مقابل 85 رنز کی بڑی شکست سے جلد سنبھلنے کوشاں ہوں گے۔ ٹیبل میں 10 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں مقام پر موجود ممبئی انڈینس کو یہاں میزبانوں کے خلاف جیت کے ساتھ ٹیبل میں نمبر چار کی پوزیشن سے دہلی ڈیرڈیولز کو ہٹا کر ٹاپ 4 میں شامل ہوجانے کا زرین موقع ہے۔

TOPPOPULARRECENT