Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / آر ٹی سی بس روٹس کے نمبروں میں تبدیلی کا امکان

آر ٹی سی بس روٹس کے نمبروں میں تبدیلی کا امکان

میٹرو ریل اسٹیشنوں سے روٹ نمبرات درج کرنے پر غور
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سٹی آر ٹی سی بسیں نہ صرف مسافرین کو منزل مقصود تک پہنچاتی ہیں بلکہ ان بسوں کے ذریعہ مقامات کا تعارف بھی ہورہا ہے اور عوام صرف بس نمبر کے ذریعہ بآسانی بتا سکتے ہیں کہ کونسے نمبر کی بس کس علاقہ تک جاتی ہے ۔ مگر اب ان بس نمبروں میں تبدیلیاں ہونے والی ہیں کیوں کہ شہر میں میٹرو ریل اسٹیشنوں کا عنقریب افتتاح ہونے والا ہے اسی لیے گریٹر آر ٹی سی زون کے عہدیداران نے 2 میٹرو اسٹیشنس کو شامل کرتے ہوئے سٹی آر ٹی سی بسوں کے نمبرات میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تاحال شہر میں کسی بھی مقام سے دوسرے مقام کے لیے جانا ہو تو صرف سٹی بس نمبر کے ذریعہ روانہ ہوجایا کرتے تھے اس طرح اب بس نمبرات سینکڑوں اعداد و شمار پار کرچکے ہیں ان حالات میں اب 1000 نمبر ( عدد ) سے شروع کرنے سے متعلق غور کیا گیا مگر نمبرات ( اعداد ) کی زیادتی کے مد نظر اس فیصلہ کو مسترد کر کے اب میٹرو اسٹیشن کے نام کے ساتھ جدید نمبر مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مثلا میاں پور علاقہ کی کالونیوں تا میاں پور میٹرو اسٹیشن چلائی جانے والی سٹی بسوں کو یم پی 01 ، ایم پی 02 ، کے پی ایچ بی علاقہ اور اسٹیشن کے لیے چلائی جانے والی بسوں کو کے یچ 01 ، کے ایچ 02 ، کوکٹ پلی علاقہ اور میٹرو اسٹیشن کے لیے چلائی جانے والی بسوں کو کے پی 01 ، کے پی 02 نمبرات مختص کئے جائیں گے ۔ اس طرح ان اسٹیشنوں کے نام کو نمبرات کے ساتھ شامل کرتے ہوئے جدید نمبرات مختص کئے جائیں گے اور بسوں کے ناموں سے متعلق عوامی رائے بھی حاصل کی جارہی ہے اور شہر کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک بسیں چلائی جارہی ہیں ۔ مگر اب میٹرو لائن علاقوں میں چلائی جانے والی بسوں میں کمی لائی جائے گی ۔ آر ٹی سی عہدیداران کا خیال ہے کہ ایک اسٹیشن کو تمام کالونیوں سے جوڑنے کے لیے کم از کم 10 بسوں کی ضرورت ہے ۔ اس مناسبت سے جو بسیں دستیاب ہیں ان کو استعمال کرتے ہوئے زائد 100 منی بسیں چلانے سے متعلق غور کررہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT