Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / آزادی چند افراد کیلئے نہیں ہوسکتی ‘ راہول

آزادی چند افراد کیلئے نہیں ہوسکتی ‘ راہول

ہر شہری کو عزت سے جینے کا حق ‘ کانگریس نائب صدر کا خطاب
نئی دہلی 15 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) دلتوں پر حالیہ حملوں کے واقعات کے پس منظر میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ آزادی ‘ صرف چند افراد کیلئے نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے ہندوستانی عوام سے کہا کہ وہ ایسے ملک کیلئے جدوجہد کریں جہاں خیالات کو نفرت کی طاقتوں کی جانب سے تشدد سے کچلا نہ جاسکے ۔ راہول گاندھی نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیام میں کہا کہ جب باطل کی طاقتیں اس آزادی کیلئے خطرہ بنیں ‘ جیسا کہ ہم نے حالیہ وقتوں میں دیکھا ہے ‘ ہمیں یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ آزادی چند افراد کیلئے نہیں ہوسکتی ۔ یہ ہر ایک کیلئے ہونی چاہئے ۔ ہر شہری کو احترام کا حق حاصل ہے اور اسے عزت و آزادی کے ساتھ جینے اور اپنے خیالات کے اظہار کا حق حاصل ہے ۔ راہول نے کہا کہ ہندوستانیوں کو ایسے ملک کیلئے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے جہاں کوئی بھی خوف کے سائے میں نہ جئے اور جہاں خیالات کا آزادانہ اظہار ہو اور انہیں نفرت کی طاقتیں تشدد کے ذریعہ کچل نہ سکیں۔ ہمیں اس حقیقت کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے ۔ راہول گاندھی نے پارٹی ہیڈ کوارٹرس پر پہلی مرتبہ ترنگا پرچم لہرایا ۔ وہ تین سال قبل کانگریس کے نائب صدر بنے تھے ۔ عموما یہاں پارٹی صدر سونیا گاندھی ترنگا لہراتی ہیں لیکن وہ گذشتہ دنوں سے علیل ہیں اور انہیں کل ہی دواخانہ سے ڈسچارچ کیا گیا تھا ۔ سینئر کانگریس قائدین بشمول سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ ‘ اے کے انٹونی ‘ غلام نبی آزاد اور آنند شرما بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT