Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / آسام، کیرالا، ٹاملناڈو، مغربی بنگال، پڈوچیری میں اسمبلی چناؤ کا اعلان

آسام، کیرالا، ٹاملناڈو، مغربی بنگال، پڈوچیری میں اسمبلی چناؤ کا اعلان

۔4 اپریل تا 16 مئی رائے دہی ، 19 مئی کو نتائج

نئی دہلی، 4مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی پانچ ریاستوں آسام، کیرالا ، ٹاملناڈو ، مغربی بنگال اور پڈوچیری کے اسمبلی انتخابات کیلئے رائے دہی 4 اپریل اور  16 مئی کے درمیان منعقد ہوگی اور ووٹوں کی گنتی کا کام 19 مئی کو کیا جائے گا، الیکشن کمیشن نے آج یہ اعلان کیا ۔ آسام میں دو مراحل میں رائے دہی ہوگی ۔ 4 اپریل کو پہلے اور 11 اپریل کو دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ مغربی بنگال میں رائے دہی چھ مراحل میں ہوگی ۔ یہاں دو یوم 4 اور 11 اپریل کو پہلے مرحلے کی پولنگ ہوگی ، جس کے علاوہ دیگر پانچ مراحل کے تحت 17 ، 21 ، 25 اور 30 اپریل اور 5 مئی کو رائے دہی ہوگی ۔ کیرالا ، ٹاملناڈو اور پڈوچیری تینوں ریاستوں میں پولنگ ایک ہی مرحلہ میں 16 مئی کو منعقد ہوگی ۔ چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ تفصیلات بتائیں۔ آسام میں اسمبلی نشستوں کی تعداد 126 ، کیرالا میں 140، ٹاملناڈو میں 234، مغربی بنگال میں 294 اور پڈوچیری میں 30 ہے۔ ان انتخابات میں بالکل پہلی مرتبہ رائے دہی میں امیدواروں کی فہرست کے سب سے نیچے ’نوٹا‘ (NOTA) کا نشان بھی رہے گا ۔ یہ نشان نیشنل اسکول آف ڈیزائن نے تیار کیا ہے ۔ نسیم زیدی نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کیلئے ووٹرز زیادہ اہمیت کے حامل ہیں اور اسی کے پیش نظر تمام پولنگ بوتھس میں
سات بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر تمام امیدواروں کی تصاویر کے ساتھ اُن کے نام اور انتخابی نشان ہوں گے تاکہ ووٹروں کیلئے کسی قسم کی الجھن باقی نہ رہے۔ اس کے علاوہ صرف خواتین کے پولنگ بوتھس بھی قائم کئے جائیں گے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے مزید بتایا کہ موبائل دستے تیار کئے جارہے ہیں ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT