Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / آسام اور یو پی کی طرح تلنگانہ میں بھی بی جے پی کامیاب ہوگی

آسام اور یو پی کی طرح تلنگانہ میں بھی بی جے پی کامیاب ہوگی

یادادری میں بوتھ لیول عہدیداروں کا اجلاس۔ ڈاکٹر لکشمن و پرکاش جاوڈیکر کا خطاب
یادادری 8 اپریل ( این ایس ایس ) بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے کہا کہ ریاست میں آئندہ انتخابات کیلئے بڑے پیمانے پر انتخابی مہم کا مندروں کے شہر یادادری سے آغاز ہونا چاہئے ۔ یادداری میں بوتھ لیول پارٹی ورکرس کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے اس امید کا اظہار کیا کہ جس طرح سے بی جے پی کو آسام اور اترپردیش میں کامیابی حاصل ہوئی ہے اسی طرح سے تلنگانہ میں بھی کامیابی حاصل ہوگی ۔ اس اجلاس میں مرکزی وزیر پرکاش جاودیکر نے بھی شرکت کی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں غیر بی جے پی حکومتیں مرکزی حکومت کی شروع کردہ فلاح و بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری پر توجہ نہیں دے رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف بی جے پی ریاست میں مجلس سے مقابلہ کرسکتی ہے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ان کی پارٹی مذہب پر مبنی تحفظات کی مخالفت کریگی ایم ایل سی این رامچندر راؤ نے کہا کہ بھونگیر لوک سبھا حلقہ سے 2019 میں بی جے پی امیدوار کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے بی جے پی ورکرس سے کہا کہ وہ مقامی سطح پر جدوجہد کریں تاکہ آئندہ عام انتخابات میں پارٹی کو کامیابی حاصل ہوسکے ۔ مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے بی جے پی کارکنوں سے کہا کہ وہ تلنگانہ ریاست میں 2019 اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا پرچم لہرائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا مستقبل بی جے پی ہی سے وابستہ ہے ۔ انہوں نے کیڈر سے کہا کہ وہ مخالف جماعتوں کو شکست دینے کے جذبہ کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے کہا کہ وہ 17 ستمبر کو تلنگانہ کا یوم آزادی منائیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں خرابی کی بات کرنے والی سیاسی جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹنگ مشینوں میں نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کے ذہن میں خرابی ہے ۔ اس اجلاس میں سینئر بی جے پی لیڈر اے اندرسین ریڈی بھی موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT