Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / آسام میں بوڈو دہشت گردوں کا حملہ ‘ 14 افراد ہلاک

آسام میں بوڈو دہشت گردوں کا حملہ ‘ 14 افراد ہلاک

پُرہجوم مارکٹ پر حملہ ۔ 20 دیگر زخمی ۔ ضلع کوکراجھار میں سکیورٹی فورسیس کی تلاشی مہم شروع
کوکرا جھار 5 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) آسام میں آج ایک دہشت گردانہ حملہ ہوا جب این ڈی ایف بی کے عسکریت پسندوں نے کوکرا جھار ضلع میں ایک پرہجوم مارکٹ میں حملہ کرتے ہوئے 14 افراد کو ہلاک کردیا اور 20 دوسرے اس حملے میں زخمی ہوگئے ۔ سکیوریٹی فورسیس کی جوابی کارروائی میںایک حملہ آور بھی مارا گیا ہے ۔ آسام کے ڈائرکٹر جنرل پولیس مکیش سہائے نے کہا کہ یہ حملہ کوکرا جھار سے 12 کیلومیٹر دور تنیالی مارکٹ میں کیا گیا اور شبہ ہے کہ یہ کارروائی نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بوڈولینڈ ( این ڈی ایف بی ) کی جانب سے کی گئی ہے ۔ سکیوریٹی فورسیس نے علاقہ میں تلاشی مہم شروع کردی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 12 افراد اس وقت برسر موقع ہلاک ہوگئے جب 12.30 بجے عسکریت پسند ایک ویان میں وہاں پہونچنے کے بعد بے دریغ فائرنگ کرنے لگے ۔ ایک اور پولیس عہدیدار نے بتایا کہ مزید دو افراد دواخانہ کو جاتے ہوئے جانبر نہ ہوسکے ۔ مسٹر سہائے نے کہا کہ ایک حملہ آور اس وقت ہلاک ہوگیا جب سکیوریٹی فورسیس نے جوابی فائرنگ کی ۔ سکیوریٹی فورسیس علاقہ میں پٹرولنگ میں مصروف تھے ۔ مہلوک حملہ آور کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔ یہ شبہ کیا جا رہا ہے کہ تین یا چار عسکریت پسند علاقہ میں روپوش ہیں اور انہیں گرفتار کرنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ پولیس کے بموجب حملہ کے مقام سے اے کے 56 اور اے کے 47 رائفلیں اور دستی بم بھی دستیاب ہوئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT