Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / آسام میں پہلی بی جے پی حکومت کی حلف برداری

آسام میں پہلی بی جے پی حکومت کی حلف برداری

غیرقانونی بیرونی افراد اور کرپشن کا خاتمہ ترجیح : سونووال ، ممکنہ مدد کا وعدہ : مودی
گوہاٹی۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ مرکز کی جانب سے آسام اور دیگر شمال مشرقی ریاستوں کو ممکنہ مدد فراہم کی جائے گی تاکہ ’’ایکٹ ایسٹ پالیسی‘‘ کے تحت تیز رفتار ترقی یقینی ہوسکے۔ انہوں نے آسام میں سربانندا سونووال کی زیرقیادت پہلی بی جے پی حکومت کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موثر اور ہمہ گیر ترقی کیلئے آسام کلیدی ریاست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کا مسابقت اور باہمی تعاون پر مبنی وفاقیت پر یقین ہے۔ چیف منسٹر ایس سونووال نے کہا کہ ان کی حکومت غیرقانونی بیرونی شہریوں اور کرپشن سے ریاست کو آزاد کرنے کیلئے کام کرے گی۔ یہ ان کا وعدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس مقصد کو حاصل کرنے کا عزم کیا ہے۔ سونووال نے کہا کہ وہ آسام کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور ریاست کے ہر طبقہ کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ سربا نندا سونووال نے آج آسام کے 14 ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لے لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعظم نریندر مودی، قومی صدر بی جے پی امیت شاہ، دیگر اہم شخصیتیں اور عوام کی کثیر تعداد شریک تھی۔سونووال کے ہمراہ 10 وزراء بشمول حلیف پارٹیوں آسام گنا پریشد (اے جی پی) اور بوڈو پیپلز فرنٹ (بی پی ایف) کے وزراء نے بھی عہدہ اور رازداری کا حلف اُٹھایا۔ بی جے پی کے 6 ارکان نے بحیثیت وزراء حلف لیا۔

TOPPOPULARRECENT