Saturday , July 22 2017
Home / دنیا / آستانہ میں مودی ۔ ژی ملاقات متوقع

آستانہ میں مودی ۔ ژی ملاقات متوقع

بیجنگ ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی رواں ہفتہ آستانہ میں منعقد شدنی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے چوٹی کانفرنس کے موقع پر چین کے صدر ژی جن پنگ سے ملاقات متوقع ہے۔ چین ۔ پاکستان اقتصادی راہداری اور نیوکلیئر سپلائرس گروپ کے بشمول مختلف مسائل پر ان دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات میں اضافہ ہوا ہے۔ باخبر ذرائع نے کہا کہ دونوں قائدین کے درمیان ملاقات کے اہتمام کیلئے سفارتی راستوں سے کوششیں کی جارہی ہیں۔ قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں 8 اور 9 جون کو منعقد شدنی شنگھائی تعاون تنظیم کی چوٹی کانفرنس ہندوستان کیلئے اس اعتبار سے بھی خصوصیت کی حامل ہیکہ چین کے زیرتسلط اس چھ ملکوں کی اس تنظیم میں اب پاکستان کے ساتھ ہندوستان کو بھی رسمی طور پر شامل کیا جارہا ہے۔ اس تنظیم میں چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان فی الحال مکمل رکن ہیں۔ افغانستان، بیلاروس، ہندوستان، ایران، منگولیا اور پاکستان کو مصر کا موقف حاصل ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کی شمولیت کے بعد اس گروپ کا حلقہ پہلی مرتبہ وسعت اختیار کرتا ہوا وسطیٰ ایشیاء سے جنوبی ایشیاء تک پہنچ جائے گا۔ چینی عہدیداروں نے کہا کہ بیجنگ بھی مودی۔ ژی ملاقات کو نمایاں اہمیت دیتا ہے کیونکہ یہ رواں سال کے دوران انکی پہلی ملاقات ہوگی۔ ہندوستان نے گذشتہ ماہ ایک اعلیٰ سطحی بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا بائیکاٹ کردیا تھا جس میں 29 عالمی قائدین نے شرکت کی تھی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT