Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیائی کپتان اسمتھ آئی سی سی کے ’کرکٹر آف دی ایئر‘

آسٹریلیائی کپتان اسمتھ آئی سی سی کے ’کرکٹر آف دی ایئر‘

سال 2015ء کیلئے اسمتھ کو ٹسٹ کرکٹر کا بھی دہرا اعزاز ۔ ڈی ولیرز ونڈے کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ۔ ڈوپلیسی کو T20 کا ایوارڈ
دبئی ، 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ کو آئی سی سی کی جانب سے ’کرکٹر آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا ہے اور اس طرح وہ سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی جیتنے والے چوتھے آسٹریلیائی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم ’آئی سی سی‘ کی ویب سائٹ کے مطابق اسمتھ کو رواں سال کیلئے ’ٹسٹ کرکٹر آف دی ایئر‘ کا فاتح بھی قرار دیا گیا ہے۔ اس طرح اسمتھ ہندوستان کے راہول ڈراویڈ، جنوبی افریقہ کے ژاک کالیس، آسٹریلیا کے رکی پانٹنگ، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، آسٹریلیا کے مائیکل کلارک اور مچل جانسن کے بعد ساتویں کھلاڑی بن گئے، جنھیں دونوں اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ ونڈے انٹرنیشنل کا بہترین کھلاڑی جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیرز کو قرار دیا گیا ہے۔ انھیں تیسری بار یہ افتخار حاصل ہوا ہے۔ اس سے قبل 2010ء اور 2014ء میں بھی وہ فاتح رہے تھے۔ جنوبی افریقہ کے ٹی 20 کے کپتان فاف ڈو پلیسی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کی شاندار سنچری (119) کیلئے ٹی ٹوئنٹی 2015ء کا فاتح قرار دیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکلم کو آئی سی سی ’اسپرٹ آف کرکٹ‘ کے ایوراڈ سے نوازا گیا ہے۔ انھیں یہ ایوارڈ ٹیم کی حوصلہ مند قیادت کیلئے دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ 2004ء میں پہلی بار اِن ایوارڈز کا قیام عمل میں آیا تھا۔ اس مقابلے کیلئے 18 ستمبر 2014ء سے 13 ستمبر 2015ء کے درمیان ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس دوران اسمتھ نے 13 میچوں کی 25 اننگز میں 82.57 کی اوسط سے 1734 رنز بنائے

جس میں سات سنچریاں اور چھ نصف سنچریاں شامل رہیں، جبکہ 26 ونڈے اننگز میں انھوں نے چار سنچریوں اور آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سے 1249 رنز بنائے۔ دہرے ایوارڈ کی خبر پر اسمتھ نے کہا: ’’دنیا میں اتنے سارے عظیم کھلاڑیوں کے درمیان اس ایوارڈ کو حاصل کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ہر چند کہ ٹیم کی کامیابی میری اولین ترجیحات ہیں مگر یہ ایوارڈ اسپیشل ہے۔‘‘ انھوں نے اس موقعے پر رچرڈ کیٹلبرو کو بھی مبارکباد دی جنھیں آئی سی سی کا لگاتار تیسری بار ’امپائر آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا۔ ڈی ولیئرز نے 20 اننگز میں 79 کی اوسط سے 1265 رنز بنائے جس میں دو سنچری اور نو نصف سنچریاں شامل رہیں۔ آسٹریلیا کی خاتون ٹیم کی کپتان میگ لینگنگ کو خواتین کے زمرے میں ’ونڈے کرکٹر آف دی ایئر‘ کا فاتح قرار دیا گیا جبکہ ویسٹ انڈیز کی کپتان اسٹیفینی ٹیلر ’ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کی فاتح بنیں۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ ’ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر‘ بنے۔ متحدہ عرب امارات کے کپتان خرم کو ’اسوسی ایٹ ایفلیئیٹ کرکٹر آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا۔
آئی سی سی کے بہترین کھلاڑی، آسٹریلیا کی حکمرانی
اسٹیون اسمتھ سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے 11 ویں جبکہ آسٹریلیا کے پانچویں کھلاڑی بن گئے۔ آئی سی سی کے یہ باوقار ایوارڈ کا اجراء 2004ء میں ہوا تھا اور ہندوستان کے راہول ڈراویڈ پہلے کھلاڑی تھے جنھیں 2004ء کے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ 2005ء میں انگلینڈ کے اینڈریو فلنٹاف اور جنوبی افریقہ کے ژاک کالیس کو مشترکہ طورپر یہ ایوارڈ دیا گیا۔ 2006ء اور 2007ء میں آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پانٹنگ سال کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ 2008ء میں یہ ایوارڈ ویسٹ انڈیز کے شیو نرائن چندرپال کے نام رہا، 2009ء میں ایک دفعہ پھر یہ اعزاز آسٹریلیا کو ملا جب فاسٹ بولر مچل جانسن بہترین کھلاڑی نامزد ہوئے۔ 2010ء میں ہندوستان کے سچن تنڈولکر پہلی دفعہ سال کے بہترین کھلاڑی بن گئے، 2011ء میں انگلینڈ کے جوناتھن ٹراٹ اور 2012ء میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا نے یہ ایوارڈ جیتا۔ 2013ء سے مسلسل یہ ایوارڈ آسٹریلیا کو مل رہا ہے جیسا کہ2013ء میں مائیکل کلارک اور 2014ء میں مچل جانسن کو یہ ایوارڈ ملا۔ جانسن اور پونٹنگ نے یہ ایوارڈ دو دو دفعہ اپنے نام کیا ہے۔ پاکستان کو ابھی تک یہ اعزاز نہیں ملا ہے۔

TOPPOPULARRECENT