Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو پاکستان روانہ نہ کرنے کا فیصلہ

آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو پاکستان روانہ نہ کرنے کا فیصلہ

سڈنی،لاہور ۔17 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک جانب ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو حتمی شکل دیتے ہوئے دو مختلف شیڈول حکومت پنجاب کو ارسال کر دیئے ہیں تو دوسری جانب نیوزی لینڈ کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے بھی اپنے زیر معاہدہ کرکٹرز کو سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر پاکستان بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے پی سی بی کو شدید دھکا پہنچا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ورلڈ الیون کے خلاف سیریز کے لئے 7 تا15 ستمبر کے درمیان دو مختلف شیڈول پنجاب حکومت کو ارسال کئے ہیں جن کی منظوری کے بعد دورے کا حتمی اعلان کیا جائے گا لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے بھی اپنے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کوپاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے ماضی کی طرح پاکستان میں حفاظتی انتظامات کو بنیاد بناتے ہوئے اپنے زیر معاہدہ کھلاڑیوں میں سے کسی کو بھی پاکستان جانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کیلئے کھلاڑیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور انہیں پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال پر اطمینان نہیں لہٰذا وہ اپنے کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کر سکتے۔ واضح رہے کہ غیر سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ آسٹریلیائی کرکٹر ٹِم پین سمیت کچھ اور کھلاڑی دورے کیلئے پی سی بی سے رابطے میں ہیں جبکہ اینڈی فلاور انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں سے بھی مذاکرات کر رہے ہیں تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہو سکی ہے۔

TOPPOPULARRECENT