Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے مابین آج ’’بقاء کی جنگ‘‘

آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے مابین آج ’’بقاء کی جنگ‘‘

ٹورنمنٹ میں برقراری کیلئے دونوں ٹیموں کیلئے کامیابی ضروری
بنگلورو۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کیخلاف شکست کے بعد آسٹریلیائی ٹیم کل پیر کو بنگلہ دیش کے خلاف میدان پر اُترے گی۔ آسٹریلیائی ٹیم کی ٹورنمنٹ میں برقراری یا اخراج کا انحصار کل کے نتیجہ پر ہوگا۔ بنگلہ دیش کو بھی پاکستان کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دونوں ٹیمیں ٹورنمنٹ میں برقراری کیلئے سخت جدوجہد کریں گی۔ آسٹریلیائی ٹیم کل اگر بنگلہ دیش کی ٹیم کو شکست دینے میں ناکام ہوجاتی ہے تو ٹورنمنٹ سے اس کا اخراج عملاً ہوجائے گا۔ 15 رکنی آسٹریلیائی ٹیم جب ورلڈ ٹی 20 میں کھیلنے ہندوستان آئی تھی، اسے اُمید تھی کہ یہاں کی وکٹس آئی پی ایل کی طرح ہوں گی، تاہم ان وکٹوں پر گیند گھوم رہی ہے، اور اِسپنرس کو مدد مل رہی ہے۔ یہی بات آسٹریلیا کیلئے مشکلات کا باعث ہے۔ کپتان اسٹیون اسمتھ نے نیوزی لینڈ کیخلاف شکست کے بعد یہ اعتراف کیا تھا کہ یہ حالات بالکل مختلف ہیں اور ہماری توقع کے برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی پی ایل میں یہاں کافی کھیلا ہے لیکن اِسپن کی مدد کرنے والی پچس کا تجربہ نیا ہے۔ دھرم شالہ کی پچ بھی آسٹریلیا کیلئے مشکلات کا باعث رہی جہاں نیوزی لینڈ کے اسپنرس ، آسٹریلیائی بلے بازوں کو روکنے میں کامیاب رہے۔ اسمتھ نے کہا کہ مشکل صورتِ حال کے باوجود ان کی ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف بہتر کارکردگی دکھانے اور کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کیلئے بھی صورتحال تقریباً ’’کرو یا مرو‘‘ کی ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم بھی آسٹریلیا کے خلاف کل بہتر کارکردگی دکھانے اور کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT