Monday , October 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا میں ٹسٹ کرکٹ پر آج گلابی رنگ!

آسٹریلیا میں ٹسٹ کرکٹ پر آج گلابی رنگ!

اڈیلیڈ ، 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ٹسٹ کرکٹ میں نئی شروعات کرنے جارہے ہیں جیسا کہ دونوں ٹیموں نے اولین ڈے۔ نائٹ ٹسٹ کی تیاری کرلی ہے۔ آسٹریلیا کی نیوزی لینڈ کے خلاف جاری سیریز میں اب تک بیٹسمین غالب رہے ہیں لیکن جمعرات 26 نومبر کو جب یہاں اڈیلیڈ اوول ٹسٹ کرکٹ کے اولین ڈے ؍ نائٹ میچ کی میزبانی کرے گا تو گلابی گیند اور ہری بھری وکٹ عین ممکن ہے کرکٹ کے معاملے میں طاقت کو بولروں کے حق میں کردیں گے ۔ تاحال دو میچوں میں جو برسبین اور پرتھ میں کھیلے گئے 11 سنچریاں اسکور کی جاچکی ہیں اور دنیا کے بعض ٹاپ بولروں کی اچھی پٹائی ہوئی ہے ۔ یہ عجیب اتفاق ہے کہ اڈیلیڈ اوول جو عرصہ سے بیٹسمینوں کی جنت سمجھا جاتا ہے وہ اس سیریز میں بولروں کو ایک زرین موقع فراہم کرسکتا ہے ۔ آسٹریلیا نے 1-0 کی سبقت کے ساتھ باہمی ٹروفی پر قبضہ برقرار رکھا ہے۔ تاہم اڈیلیڈ میں دنیائے ٹسٹ کرکٹ کی توجہ اس بات پر مرکوز ہوگی کہ گلابی گیند سے دن اور رات کے اوقات میں کھیل کس طرح واقع ہوگا ۔ اگر یہ گیند مکمل 80 اوورس تک ٹھیک ٹھیک برقرار رہ پاتی ہے اور بیاٹ کے ساتھ گیند کا مقابلہ معقول حد تک ہوتا رہے تو یہ میچ زبردست کامیاب سمجھا جائے گا اور اس طرز کو دیگر اقوام بھی اختیار کرسکتی ہیں۔ کئی برسوں کی انتھک جدوجہد کے بعد تیارکردہ ’’کوکابوراگیند‘‘پر تنقیدیں بھی ہوئی ہیں جبکہ اڈیلیڈ میں شیفلڈ شیلڈ کے میچوں کے دوران جہاں یہ گیند استعمال کی گئی ،کئی بیٹسمینوں نے بصارت کے معاملے میں مسائل پیش آنے کی شکایت کی ہے ۔ اس قسم کی شکایات اسپنروں کیلئے باعث مسرت ہوسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT