Tuesday , October 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا کا فائنل میں ہندوستان سے مقابلہ ہوگا

آسٹریلیا کا فائنل میں ہندوستان سے مقابلہ ہوگا

 

چمپینس ٹرافی کے متعلق مائیکل کلارک کی پیش قیاسی

کولکتہ۔ 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے آج پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ ماہ انگلینڈ میں شروع ہونے والی چمپینس ٹرافی کا خطابی مقابلہ عالمی چمپین آسٹریلیا اور چمپینس ٹرافی کی دفاعی چمپین ہندوستانی ٹیم کے درمیان ہوگا۔ انہوں نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ فائنل میں آسٹریلیا اور ہندوستان کا مقابلہ متوقع ہے اور انگلینڈ کی وکٹیں ٹورنمنٹ میں کلیدی رول ادا کریں گی جیسا کہ وہاں کی وکٹوں پر اگر رفتار اور سوئنگ رہی تو آسٹریلیائی فاسٹ بولروں کا سامنا کرنا انتہائی مشکل ہوگا، کیونکہ اس کے پاس میچل اسٹارک، جیمس پیٹنسن، جوش ہیزل ووڈ اور پیاٹ کمنس موجود ہیں جو کہ بیٹسمنوں کیلئے حالات مشکل ترین کرسکتے ہیں۔ کلارک نے مزید کہا کہ اگر وکٹوں پر ٹرن اور باؤنس رہا تو ہندوستانی اسپنرس کی جوڑی رویندر جڈیجہ اور روی چندرن اشون بیٹسمنوں کیلئے حالات مشکل کردیں گے۔ کلارک کے بموجب اگر انگلینڈ کا موسم گرم رہا تو وکٹیں اسپنرس کیلئے سازگار ہوں گی جس کا اشون اور جڈیجہ بہترین فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ویراٹ کوہلی کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کلارک نے کہا کہ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کے علاوہ اجنکیا رہانے بھی آئی پی ایل میں جدوجہد کررہے ہیں اور ان کا ناقص فام چمپینس ٹرافی میں ہندوستان کے لئے تشویش کا باعث ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ناقص فام اگر مذکورہ کھلاڑیوں کیلئے ایسا ہی جاری رہا تو ہندوستان کے لئے حالات مشکل ترین ہوں گے ، تاہم 50 اوورس کی کرکٹ میں بیٹسمنوں کو زیادہ مواقع فراہم کرتا ہے تاکہ وہ اپنی اننگز کو سدھار سکیں۔ کلارک کا ماننا ہے کہ ہندوستانی ٹیم سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کا ایک اچھا اشتراک ہے جس سے یقینا ٹیم کو فائدہ ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم کے پاس چمپینس ٹرافی کی تیاری کیلئے وقت بھی ہے اور پچھلی مرتبہ جو اس نے کامیابی حاصل کی ہے، اس سے اس کے حوصلے کافی بلند ہوں گے۔ انگلینڈ میں ہندوستانی ٹیم کے محدود اوورس کی کرکٹ میں مظاہرے بہتر ہیں اور اس نے کامیابی بھی حاصل کی ہے لہذا خطاب کے دفاع کیلئے ہندوستانی ٹیم پسندیدہ موقف میں ہے۔ دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے جو اپنے اہم کھلاڑیوں کو آئی پی ایل سے دور رکھنے کیلئے انہیں دلچسپ معاہدے پیش کئے ہیں، اس کے ضمن میں کلارک نے کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر ہر سال یہاں آتے رہیں گے۔ یاد رہے کہ فیر فیاکس میڈیا کی رپورٹ کے بموجب کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے چند اہم کھلاڑیوں جن میں کپتان اسٹیو اسمتھ، ان کے نائب ڈیوڈ وارنر کے علاوہ میچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنس شامل ہیں، ان سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے آئی پی ایل سے دور رہنے کے عوض بہتر پیشکش کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT