Saturday , March 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا کیخلاف آج ٹسٹ سیریز کا آغاز ، ہندوستان سلور جوبلی کامیابی کیلئے کوشاں

آسٹریلیا کیخلاف آج ٹسٹ سیریز کا آغاز ، ہندوستان سلور جوبلی کامیابی کیلئے کوشاں

پونے ۔ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شاندار فام میں موجود کپتان ویراٹ کوہلی کی زیر قیادت ہندوستانی ٹیم کل یہاں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا پہلا میچ کھیلنے اترے گی تو اس کی نظریں مہمان ٹیم کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کے علاوہ ‘سلور جوبلی’ منانے پر بھی ہوگی۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین چار ٹسٹ میچوں کی بارڈر۔گواسکر ٹرافی کا پہلا میچ کل  یہاں  شروع ہوگا۔ دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندوستان اور نمبر 2  ٹیم آسٹریلیا کے درمیان 1947  سے اب تک 90  ٹسٹ کھیلے جا چکے ہیں جن میں ہندوستان نے 24  میں جیت حاصل کی ہے ، 40 میں شکست جبکہ ایک میچ ٹائی رہا ہے اور 25  ڈرا کھیلے ہیں۔کپتان کوہلی ہندوستان کو اس سیریز میں پہلا ہی میچ جتانے کے ساتھ آسٹریلیا کے خلاف جیت کی سلور جوبلی پوری کر دیں گے ۔ اس کے علاوہ اس سیریز کو دونوں ہی ٹیموں کے لئے بھی کافی چیلنجنگ تصور کیا جا رہا ہے ۔ ہندوستان کوہلی کی قیادت میں 19 ٹسٹ میچوں میں ناقابل تسخیر ہے ۔ تو وہیں ٹیسٹ درجہ بندی میں دنیا کے نمبر ون بیٹسمین اسٹیون اسمتھ پر بھی خود کو بطور کپتان ثابت کرنے کا دباؤ رہے گا۔اسمتھ نے بھی تسلیم کیا ہے کہ ہندوستانی سر زمین پر سیریز جیتنے پر یا تو آپ کو عظیم کھلاڑی کا درجہ ملتا ہے یا پھر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ آسٹریلیائی ٹیم اس سیریز کی اہمیت کو سمجھتی ہے اور جیت سے آغاز کرنے کی ہرممکن کوشش گی۔ آسٹریلیائی ٹیم نے سال 2013 کے اپنے ہندوستان کے دورے میں 4-0  سے شکست کا سامنا کیا تھا اور مہمان ٹیم ہر حال میں اس شکست کا بدلہ بھی لینے کی پوری کوشش کرے گی۔

ہندوستانی ٹیم کا ہر کھلاڑی اس کے نشانے پر ہے اور اسمتھ کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے میزبان ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے حکمت عملی بنائی ہے ۔ گذشتہ چار ٹسٹ سیریز میں چار مرتبہ ڈبل سنچری بنانے والے کوہلی یقیناً حریف ٹیم کی فہرست میں چوٹی پر ہیں اور آسٹریلیائی ٹیم بار بار کہہ رہی ہے کہ کوہلی کو روکنے کے لئے خاص حکمت عملی کی ضرورت ہو گی۔ کوہلی نے گزشتہ چار سال میں 13 سنچری بنائی ہے اور ساتھ ہی ان کی قیادت میں ہندوستان نے کوئی بھی سیریز گنوائی نہیں ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹسٹ میں208  رنز سے جیت درج کی تھی جس میںکوہلی  نے204  رن کی اننگز کے ساتھ اپنی مسلسل چوتھی سیریز میں ڈبل سنچری مکمل کی تھی ۔ وہ ایسا کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی ہیں ۔کوہلی  نے اپنے کیریئر میں زمبابوے اور پاکستان کے علاوہ سبھی ٹسٹ کرکٹ ٹیموں کے خلاف کھیلا ہے اور سنچری بھی بنائی ہے ۔ ہندوستانی کپتان کے علاوہ مرلی وجے ، چتیشور پجارا، اجنکیا رہانے ، نچلی صف میں وکٹ کیپر اور گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے ویردھمان ساہا، رویندر جڈیجہ اور روی چندرن اشون اہم ثابت ہوں گے ۔ تاہم اوپنر لوکیش راہول ناقص فارم سے نجات حاصل نہیں کرسکے ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف انہیں ٹیم کا بھروسہ جیتنے کیلئے اس بار بہترکھیلنا ہوگا۔ آسٹریلیا کو ہندوستان کے لئے چیلنجنگ ضرور تصور کیا جا رہا ہے لیکن موجودہ اعداد و شمار سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ایک مرتبہ پھر میزبان ٹیم کا اپنے گھریلو میدان پر پلڑا بھاری رہنے والا ہے جو فی الحال ٹسٹ کی نمبر ایک ٹیم ہے اور ٹسٹ  میں سری لنکا، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور بنگلہ دیش کو شکست دے چکی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان اور کوچ انیل کمبلے شاید آسٹریلیا کے خلاف پونے میں بھی اسی آخری الیون کو موقع دے سکتے ہیں جسے بنگلہ دیش کے خلاف اتارا گیا تھا۔ تاہم ٹیم کے پاس ٹرپل سنچری بنا کر سرخیوں میں آئے کرون نائر اور آل راؤنڈر جینت یادو جیسے بہترین کھلاڑی ہیں۔ وہیں بولنگ میں ٹیم کے پاس اسٹار اسپنر روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ موجود ہیں۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں اومیش یادو، ایشانت شرما اور بھونیشور کمار سے ہندوستان کو کافی امیدیں رہیں گی۔ کوہلی نے مسلسل یہ کہا ہے کہ میچ جیتنے میں سب سے زیادہ بولروں کی اہمیت ہوتی ہے اور امید ہے کہ ٹیم اس مرتبہ بھی تمام 20  وکٹ حاصل کرنے کیلئے اترے گی۔ ویسے بھی ہندوستانی وکٹوںپر  اسپن کھیلنا ہمیشہ ہی آسٹریلیا کے لئے چیلنجنگ رہا ہے اور مہمان ٹیم اس کیلئے سب سے زیادہ محنت کر رہی ہے ۔  ٹیم میں نمبر ایک ٹسٹ بیٹسمین اسمتھ موجود ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ رن بنانے والے ڈیوڈ وارنر بھی اسی ٹیم کا حصہ ہیں۔ہندوستان اے کے خلاف پریکٹس میچ میں اسمتھ، شان مارش، میچل مارش، پیٹر ھینڈ سکوب، میتھیو ویڈ نے تسلی بخش اسکور بنایا تھا۔ وہیں عثمان خواجہ اور میٹ رینشا بھی اہم اسکورر رہیں گے ۔ ہندوستان کے اپنے آخری دورے میں آسٹریلیا کے لئے15 وکٹ حاصل کرنے والے ناتھن لیون مہمان ٹیم کے اہم آف اسپنر رہیں گے جو فی الحال ہندوستانی حالات میں اشون کی گیند بازی کی پریکٹس کر رہے ہیں۔ لیون نے پریکٹس میچ میں چار وکٹ لئے تھے ۔ اس کے علاوہ اسٹیو او کیفی ، جیکسن برڈ اور مچل مارش بھی اہم بولر کے طور پر موجود ہیں ۔مہمان کھلاڑیوں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ کیوریٹر پانڈورانگ سلگاونکر کے مطابق وکٹ پر کافی اچھال رہے گا اور بولروں پر ہی ان حالات کا فائدہ اٹھانے کا دارومدار رہے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT