Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کی فتح

آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کی فتح

لندن ، یکم سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کارڈف میں کھیلے گئے واحد ٹی 20 میچ میں انگلینڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 5 رنز سے شکست دے دی۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 20 اوورز میں آٹھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 177 رنز بنا سکی۔آسٹریلیا کو فتح کیلئے آخری اوور میں 12 رنز درکار تھے اور اس کی پانچ وکٹیں باقی تھیں۔ تاہم بین اسٹووکس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیون اسمتھ نے 53 گیندوں پر 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں سات چوکے اور چار چھکے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گلن میکسویل 44 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں اسکورر رہے ہیں۔ اسمتھ اور میکسویل کے علاوہ کوئی دیگر بیٹسمین نمایاں اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ ڈیوڈ وارنر 4، شین واٹسن 8، شان مارش 13، میتھیو ویڈ 2 جبکہ آخری تین کھلاڑی کولٹر نائل، کمنز اور مچل اسٹارک صفر پر پویلین لوٹ گئے اور اسٹوئنس 10 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے ویلی نے دو جبکہ اسٹیفن فن، ٹوپلی، اسٹوکس اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا۔ اوپنرز رائے اور ہیلز بالترتیب 11 اور 3 رنز بنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی نقصان کے بعد معین اور مورگن نے شاندار پارٹنرشپ کے ذریعے انگلینڈ کی اننگز کو سنبھالا۔معین 71 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مورگن 39 گیندوں پر 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مورگن کی اننگز میں سات چھکے بھی شامل تھے۔ دیگر بلے بازوں میں بٹلر 11 اور بلنگز2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی جانب سے کمنز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اسٹارک اور کولٹر نائل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ معین علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT