Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا کیخلاف ہندوستان کو پھر شکست ، روہت کی دوسری سنچری بھی رائیگاں

آسٹریلیا کیخلاف ہندوستان کو پھر شکست ، روہت کی دوسری سنچری بھی رائیگاں

ایرون فنچ، شان مارش نے مضبوط بنیاد رکھی ، جارج بیلی اور اسٹیو اسمتھ نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا
برسین ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) روہت شرما کی لگاتار سنچریاں پھر ایک مرتبہ آسٹریلیا کی بیٹنگ کی اجتماعی طاقت کے آگے بے سود و رائیگاں ثابت ہوگئیں جب میزبان بولرس نے ہندوستانی بولرس پر اپنا غلبہ برقرار رکھتے ہوئے دوسرے ونڈے کرکٹ میچ میں سات وکٹس سے کامیابی حاصل کرلی ۔ اس طرح آسٹریلیا کو مہمانوں کے خلاف صفر کے مقابلے دو سے سبقت حاصل ہوگئی ۔ روہت شرما مسلسل دوسرے کھیل میں بھی مین آف دی میچ قرار دیئے گئے جنھوں نے آج 127 گیندوں میں 127 رنز بناتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آٹھ وکٹس کے نقصان سے 308 رنز تک پہونچانے میں اہم رول ادا کیا ۔ شرما کے اسکور میں 11 چوکے اور تین چھکے شامل ہیں۔ اجنکیا رہانے 89 رن اور ویراٹ کوہلی نے 59 رنز بنائے ۔ روہت شرما کی یہ 10 ویں ونڈے سنچری تھی ۔ اس بھاری اسکور کے باوجود آسٹریلیائی ٹیم کو نشانہ کے تعاقب میں کوئی پریشانی کا سامنا نہیں ہوا اور انھوں نے بہ آسانی کامیابی کا ہدف پورا کرلیا ۔ اوپنرس ایرون فنچ (71) اور شان مارش (71) نے مضبوط بنیاد رکھی ۔ جارج بیلے (76 ناٹ آؤٹ ) اور اسٹیو اسمتھ 946) نے تین دن کے دوران دوسری مرتبہ ہندوستان سے کامیابی کو چھین لیا۔ قبل ازیں ہندوستان کے کپتان مہندراسنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ہندوستانی اوپننگ جوڑی ایک بار پھر ناکام ہوئی، شکھر دھون 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور صرف 9 رنز تھا۔

تاہم گزشتہ میچ کی طرح اس بار بھی کوہلی اور شرما کی جوڑی نے آسٹریلیا کیلئے مشکلات کھڑی کیں۔دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اسکور کو 134 رنز تک پہنچا دیا، کوہلی 59 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد اجنکیا راہانے اور شرما کے درمیان 121 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم پہلے میچ میں 171 رنز کی اننگز کھیلنے والے روہت شرما دوسرے میچ میں 124 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 308 رنز بنائے، آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔تاہم میزبان آسٹریلیا نے گزشتہ میچ کے برعکس اس بار زیادہ پراعتماد طریقے سے ہدف کا تعاقب شروع کیا اور ایرون فنچ اور شان مارش پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے 25 اوورز میں ٹیم کو 145 رنز کا آغاز فراہم کیا۔پہلے میچ میں شاندار سنچری بنانے والے جارج بیلی نے ناقابل شکست 76 کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا جبکہ میکسویل نے 19 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔آسٹریلیا نے ایک اوور قبل ہی تین وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔ دوسرے میچ میں فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے سیریز میں 2-0 سے برتری حاصل کرلی ہے جبکہ سیریز کا تیسرا میچ 17 جنوری کو ملبورن میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT