Thursday , September 21 2017
Home / دنیا / آسٹریلیا کے لڑاکا طیاروں کا شام میں پہلا جنگی مشن

آسٹریلیا کے لڑاکا طیاروں کا شام میں پہلا جنگی مشن

کینبرا۔ 12 سپٹمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے لڑاکا طیاروں نے پہلی مرتبہ شام میں سخت گیر جنگجو گروپ دولت اسلامیہ (داعش) کے زیر قبضہ علاقوں کی نگرانی اور سراغرسانی کیلئے پروازیں کی ہیں۔آسٹریلیا کے محکمہ دفاع نے ہفتے کے روز ایک بیان میں اطلاع دی ہے کہ ”ائیر ٹاسک گروپ نے شام میں اپنا پہلا آپریشنل مشن مکمل کر لیا ہے اور وہ کسی حادثے کا شکار ہوئے بغیر مشرق وسطیٰ میں اپنے اڈے پر واپس پہنچ گیا ہے”۔بیان کے مطابق مشن کے دوران کوئی ہتھیار نہیں چلائے گئے ہیں۔اس مشن میں آسٹریلیا کی فضائیہ کے دو ایف اے 18 اے ہارنٹس ،ایک کے سی 30 اے فضا سے فضا میں ایندھن بھرنے والے طیارے اور ایک ابتدائی انتباہ کرنے والے ائیر بورن طیارے ای سیون اے کو بھیجا گیا تھا۔آسٹریلیا کی فضائیہ کے ٹاسک گروپ کے کمانڈر ائیر کموڈور اسٹو بیلنگھم کا کہنا ہے کہ ہارنٹیس طیاروں کے ذریعے شام کے مشرقی علاقے میں دشمن کی سرگرمیوں کا سراغ لگایا گیا ہے اور اس کی داعش مخالف بین الاقوامی اتحاد کے مشترکہ فضائی آپریشنز مرکز کو اطلاع دی گئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہارنٹس کسی بھی مختصر نوٹس پر نگرانی اور ہتھیار پھینکنے کیلئے تیار تھے۔  بیلنگھم کا کہنا تھا کہ ’’داعش کا مشرقی شام کے ایک بڑے حصے پر قبضہ ہے۔وہ وہیں سے اپنے لئے جنگجوؤں کو بھرتی کررہی ہے اور تیل فروخت کرکے رقوم حاصل کررہی ہے۔شام کے مشرقی علاقے ہی سے اس کے جنگجو عراق میں حملے کررہے ہیں‘‘۔واضح رہے کہ آسٹریلیا پہلے عراق میں امریکہ کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد میں شامل ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT