Saturday , October 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا ۔ پاک برسبین میں ڈے نائٹ ٹسٹ ہوگا

آسٹریلیا ۔ پاک برسبین میں ڈے نائٹ ٹسٹ ہوگا

برسبین ۔21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کی میزبانی  کی تفصیلات جاری کردی ہیں اور اس نے کہا ہے کہ  پاکستانی کرکٹ ٹیم اس سال آسٹریلیائی دورے میں جو تین ٹسٹ میچ کھیلے گی ان میں سے ایک ڈے نائٹ ٹسٹ میچ ہوگا۔ یہ میچ 15 دسمبرکو برسبین میں کھیلا جائے گا اور یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کسی ڈے نائٹ ٹسٹ میچ میں حصہ لے گی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس سال پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے آسٹریلیائی دوروں کی تفصیلات کا اعلان کیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیائی دورے میں تین ٹسٹ میچ برسبین، میلبورن اور سڈنی میں کھیلے گی۔واضح رہے کہ برسبین میں ٹسٹ میچوں کے انعقاد کو اس سال 85 برس مکمل ہو رہے ہیں۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایڈیلیڈ میں بھی ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلا جانا ہے لیکن جنوبی افریقی کرکٹرز اسوسی ایشن نے کہا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹرز کو رات میں گلابی گیند کے ساتھ کھیلنے کا کوئی تجربہ نہیں ہے اور وہ اس کے لئے تیار نہیں۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا کو توقع ہے کہ جنوبی افریقی ٹیم ایڈیلیڈ میں ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنے پر آمادہ ہوجائے گی۔ اس سلسلے میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ اس ہفتے دبئی میں جنوبی افریقی کرکٹ حکام سے ملاقات کر کے انہیں ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ جیمز سدر لینڈ نے ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کی حمایت کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعریف کی ہے۔یاد رہے کہ آسٹریلیا نے گزشتہ سال ایڈیلیڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخ کے پہلے ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کی میزبانی کی تھی۔ یہ تجربہ خاصا کامیاب رہا تھا جس کے بعد اب کرکٹ آسٹریلیا نے اس سیزن میں دو ڈے نائٹ ٹسٹ میچ رکھے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT