Friday , July 28 2017
Home / Top Stories / آسٹریلیا 112 رنز پر ڈھیر ، ہندوستان کی سلور جوبلی کامیابی

آسٹریلیا 112 رنز پر ڈھیر ، ہندوستان کی سلور جوبلی کامیابی

India's captain Virat Kohli, center, celebrates the dismissal of Australia's Steve O'Keefe, right, during the fourth day of their second test cricket match in Bangalore, India, Tuesday, March 7, 2017. (AP Photo/Aijaz Rahi)

بنگلور ۔ 7مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے روی چندرن اشون کی عمدہ بولنگ کی بدولت آسٹریلیا کو دوسرے ٹسٹ میچ میں 75 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ۔ بنگلور کے ایم چنا سوامی اسٹڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں ہندوستان نے میچ کے چوتھے دن 213 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز شروع کی تو اسے 126 رنز کی برتری حاصل تھی۔اجنکیا راہانے اور چتیشور پجارا نے اپنی 93 رنز کی شراکت کو مزید طول دیتے ہوئے اسکور کو 238 تک پہنچا دیا، اس موقع پر راہانے 52 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے ساتھ ہی 118 رنز کی یہ شراکت بھی اختتام پذیر ہوئی۔ راہانے کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر رک نہ سکا اور پوری ٹیم 274 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، پجارا نے 7چوکوں کی مدد سے 92 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی ٹیم 188 رنز کے تعاقب میں شروع سے ہی دباؤ کا شکار نظر آئی اور 22 کے اسکور پر میٹ رینشا پویلین لوٹ گئے۔اسکور میں مزید 20 رنز کے اضافے سے ڈیوڈ وارنر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار پائے

جبکہ شان مارش بھی نو رنز بنانے کے بعد امیش یادو کو وکٹ دے بیٹھے۔آسٹریلیا کو بڑا دھکہ اس وقت لگا جب کپتان اسٹیون اسمتھ 28 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ مچل مارش اور پیٹر ہینڈزکومب نے جدوجہد کرتے ہوئے آسٹریلیائی سنچری مکمل کی لیکن مچل مارش کے آؤٹ ہونے کے ساتھ وکٹیں گرنے کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوا۔آسٹریلیا ٹیم آخری چھ وکٹیں صرف 12 رنز کے اضافے سے گنوا کر 112 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور ہندوستان نے 75 رنز سے میچ جیتنے کے علاوہ سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔آسٹریلیا کی ٹیم دوسری اننگز میں 36ویں اوور میں ہی آؤٹ ہو گئی اور حریف ٹیم کے خیمہ میں تباہی عالمی نمبر ایک اسپنر روی چندرن اشون نے مچائی جنہوں نے 41 رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں۔ لوکیش راہول کو بیٹنگ کیلئے مشکل وکٹ پر پہلی اننگز میں 92 اور دوسری میں 51 رنز کی اننگز  پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹسٹ میچ 16 مارچ سے رانچی میں کھیلا جائے گا۔

ہم نے دکھادیا کہ ہم کس مٹی کے بنے ہیں:کوہلی
بنگلور۔ 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے آسٹریلیا سے دوسرا ٹسٹ جیت کر سیریز میں 1۔1 کی برابری کرنے کے بعد کہا کہ ہم نے یہ ثابت کیا کہ ہم کس مٹی کے بنے ہیں۔ دوسرا ٹسٹ چوتھے دن ختم کرنے کے بعد کوہلی نے کہا کہ پہلا ٹسٹ ہارنے کے بعد ہم نے انہیں اسی طرح شکست دی جیسا ہم چاہتے تھے۔ہم واپسی کرنا چاہتے تھے اور کسی اور کو نہیں بلکہ خود کو یہ دکھانا چاہتے تھے کہ ہم کس مٹی کے بنے ہیں۔ہم نے وہ اعتماد اور صلاحیت دکھائی کہ ہم کسی بھی صورت سے جیت حاصل کر سکتے ہیں۔یہ ذمہ داری لینے کی بات تھی اور ہمارے کھلاڑیوں نے اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دیا۔ کوہلی نے کہا کہ کھلاڑیوں کا جذبہ، ہمت اور نبرد آزما ہونے کی صلاحیت بہترین تھی۔شائقین کی حمایت کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔حریف  ٹیم کی دوسری اننگز میں زیادہ بڑے اسکور نہیں بنے اور ہمیں لگ گیا تھا کہ ہمارے پاس موقع ہے۔ہم جانتے تھے کہ اگر ہم نے ان کے سامنے 150 سے زائد کا ہدف رکھ دیا تو ہمارے پاس موقع ہے۔تاہم پہلی اننگز میں کچھ برتری ضرور چلی گئی تھی لیکن پجارا اور رہانے نے بہترین شراکت کی۔کپتان نے کہا کہ ہمارے پاس دو بہترین ٹسٹ بیٹسمینس ہیں جن کی تکنیک بے مثال ہے۔آخر میں ساہا کی اننگز بھی فیصلہ کن رہی اور ایشانت نے بھی پورا جذبہ دکھایا۔ہم انہیں 200 کے ارد گرد کا ہدف دینا چاہتے تھے اور 225 پر تو ہمیں معلوم تھا کہ ایک ہی جیت سکتا ہے۔تاہم ہمارے پاس 187 کی برتری رہی لیکن ہمیں میدان میں اپنا سب کچھ جھونکنا تھا۔کوہلی نے ساتھ ہی کہا کہ ٹیم اس فارم کو رانچی میں اگلے ٹسٹ میں بھی برقرار رکھے گی۔ٹیم یہاں سے واپس مڑ کر نہیں دیکھے گی بلکہ آگے کا سفر طے کرے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT