Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلین اوپن میں فیڈرر، جوکویچ، سرینا، نڈال کی پیش رفت

آسٹریلین اوپن میں فیڈرر، جوکویچ، سرینا، نڈال کی پیش رفت

ملبورن ، 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سرینا ولیمز نے اپنے ردھم کے تعلق سے تمام تر شبہات کو آج دھماکو انداز میں ختم کردیا جیسا کہ وہ گرانڈ سلام ایکشن کو اپنی واپسی پر تیزی سے آسٹریلین اوپن سکنڈ راؤنڈ تک پہنچ گئیں۔ امریکی اسٹار جو ریکارڈ 23 واں میجر ٹائٹل جیتنے کوشاں ہیں اور آج جنھیں کھیلتے ہوئے اُن کے منگیتر شریک بانی ’ریڈٹ‘ الیکسی اوہانین دیکھ رہے تھے، انھوں نے تیزی سے اُبھرتی خطرناک سوئس کھلاڑی بیلنڈا بینسچ کو 6-4، 6-3 سے شکست دے دی۔ سرینا نے سپٹمبر میں یو ایس اوپن سیمی فائنلز میں اپنی حیران کن ناکامی کے بعد سے شاید ہی مسابقتی ٹینس کھیلی تھی اور اِس ماہ کے آکلینڈکلاسک میں میڈیسن برینگل کے مقابل اپنی سکنڈ راؤنڈ ناکامی کے دوران 88 ازخود غلطیاں کئے تھے۔ تاہم وہ 19 سالہ بیلنڈا کے خلاف سخت فرسٹ سٹ میں کامیاب ہوئیں اور پھر دوسرے سٹ میں غالب کھیل کا مظاہرہ کیا اور سنٹر کورٹ پر اطمینان بخش فتح درج کرائی۔ سال کے پہلے گرانڈ سلام ٹورنمنٹ میں سابق عالمی نمبر ایک روجر فیڈرر ، نواک جوکویچ، رفائل نڈال نے بھی دوسرے رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ فیڈرر کی اس طرح انجری کے بعد ٹینس کی دنیا میں واپسی ہوگئی۔ سوئس ماسٹر نے ایونٹ کے پہلے رائونڈ میں آسٹریا کے کوالیفائر گرگن میلسر کو چار سٹ کے مقابلے میں 7-5، 3-6، 6-2، 6-2 سے شکست دی۔ سوئٹزرلینڈ کے اسٹین واورینکا نے مارٹن کلیزان کو پانچ سٹ کے سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر پیش قدمی جاری رکھی۔ مینس اور ویمنس کے عالمی نمبر 1 اینڈی مرے اور انجلیک کربر نے گزشتہ روز اپنے فرسٹ راؤنڈ مقابلے جیت لئے تھے۔ نڈال نے جرمنی کے فلوریان میئر کے مقابل سیدھے سٹوں کی عمدہ کامیابی درج کرائی۔ 14 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن اسپینی اسٹار بھرپور ردھم میں دکھائی دیئے اور 49 ویں رینک والے میئر کو راڈ لیور اَرینا میں زائد از دو گھنٹے کی مسابقت میں 6-3، 6-4، 6-4 سے فتح درج کرائی۔ وہ سکنڈ راؤنڈ میں قبرص کے مارکوس بغداتیس سے مقابلہ کریں گے۔ تھرڈ سیڈ میلوس راؤنچ جو گزشتہ سال آسٹریلیا میں سیمی فائنلز اور ومبلڈن میں فائنل تک پہنچے تھے، آج ڈسٹن براؤن کے مقابل 6-3، 6-4، 6-2 سے کامیاب ہوئے۔ نمبر 24 الیگزینڈر زوریف نے بھی پیش رفت کرلی۔ انھوں نے روبن ہاس کو 6-2، 3-6، 5-7، 6-3، 6-2 سے ہرایا جبکہ نمبر 25 جائلز سائمون نے امریکی وائلڈ کارڈ انٹری مائیکل مو کو 6-1، 6-3، 6-3 سے شکست دی۔ دو خواتین یو ایس اوپن فائنلسٹ پلسکوا نے سارا تورمو کو 6-2، 6-0 سے ہرایا جبکہ یوہانا کونتا نے کرسٹن فلپکنس کو 7-5، 6-2 سے ناکام کیا۔

TOPPOPULARRECENT