Friday , July 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / آفریدی کا انٹرنیشنل کرکٹ کو آخرکار الوداع، بوم بوم کریئر کا اختتام

آفریدی کا انٹرنیشنل کرکٹ کو آخرکار الوداع، بوم بوم کریئر کا اختتام

مداحوں کیلئے مزید دو سال کھیلنے کا ارادہ ۔ ’شاہد آفریدی فاؤنڈیشن‘ پر توجہ مرکوز کرنے کا عزم ۔ پی ایس ایل میچ میں اعلان
شارجہ، 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے آخر کار اپنی بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہے ۔ 36سالہ آفریدی نے اتوار کو پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور ذلمی کیلئے 28 گیندوں میں 54رن بنانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا: ’’میں نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہے۔ میں اس ڈومیسٹک لیگ میں اپنے مداحوں کیلئے کھیل رہا ہوں اور مزید دو سال اپنا کھیل جاری رکھوں گا۔ لیکن بین الاقوامی کرکٹ سے اب میں ریٹائرمنٹ لیتا ہوں‘‘۔ 21 سال تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے والے آفریدی نے 2010ء میں ٹسٹ سے اور 2015ء ورلڈ کپ کے بعد ونڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ اس کے بعد سے وہ صرف ڈومیسٹک اور بین الاقوامی T20 میچ ہی کھیل رہے تھے۔ گزشتہ برس 2016ء میں ہندوستان کی میزبانی میں T20ورلڈ کپ میں آفریدی پاکستان ٹوئنٹی ۔20 ٹیم کے کپتان تھے ۔ لیکن عالمی کپ کے بعد انہوں نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ایک کھلاڑی کے طور پر کھیل کے مختصر فارمٹ میں اپنا کیریئر جاری رکھا تھا۔ آفریدی نے 1996ء میں کینیا کے خلاف ونڈے میچ سے اپنی بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا تھا لیکن وہ اس وقت سرخیوں میں آئے جب انہوں نے اپنے دوسرے ہی میچ میں سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر سنچری بنا ڈالی تھی۔ ان کے اس ریکارڈ کو 17 سال تک کوئی نہیں توڑ پایا۔ آفریدی نے 1998ء میں کراچی میں آسٹریلیا کے خلاف بین الاقوامی ٹسٹ کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ ’’بوم بوم‘‘ کے نام سے مشہور آل راؤنڈر آفریدی نے 2006 ء میں انگلینڈ کے خلاف T20 سے بین الاقوامی میچ میں قدم جمائے تھے۔ بعد میں وہ بولنگ آل راؤنڈر بن گئے۔ ٹوئنٹی ۔20 کرکٹ میں پاکستان کی شروعاتی کامیابی کا دار و مدار آفریدی پر ہی رہا۔ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے ابتداء میں وہ دکن چارجرز کی طرف سے بھی کھیل چکے ہیں۔آفریدی نے 1998ء سے 2010ء تک 27ٹسٹ میچوں کی 48 اننگز میں 1716 رن بنائے جس میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 156 کا رہا۔ ٹسٹ کرکٹ میں انہوں نے پانچ سنچریاں اور آٹھ نصف سنچری لگائیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 48 وکٹ بھی لئے ۔ آفریدی اپنا ’’شاہد آفریدی فاؤنڈیشن‘‘بھی چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’اب میرے لئے میرا فاؤنڈیشن اہم ہیں۔ میں نے اپنے ملک کیلئے پوری سنجیدگی سے کرکٹ کھیلی ہے‘‘۔ آفریدی نے سال 1996ء سے 2015 تک 398 ونڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جس میں انہوں نے 369 اننگز کھیلے اور 8064رن بنائے ۔ ونڈے میں ان کاسب سے زیادہ اسکور 124رہا۔ اس کے علاوہ انہوں نے چھ سنچریاں اور 39 نصف سنچری بنائیں۔ آفریدی نے اپنے 398ونڈے میں 395وکٹ لئے۔ وہ واحد ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ونڈے میں 8000رن اور 350سے زیادہ وکٹ لئے ہیں۔ ونڈے میں آفریدی کے نام 351چھکے مارنے کا عالمی ریکارڈ ہے ۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی 300کے عدد تک نہیں پہنچ سکا۔ ’’سکسر کنگ‘‘ آفریدی نے کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمٹ میں ٹوئنٹی ۔20 کے 98میچوں کی 90 اننگز میں 1405 رن بنائے ۔ اس میں ان کا بہترین ا سکور 54 ناٹ آؤٹ رہا۔ ٹوئنٹی ۔20 میں ان کے نام چار نصف سنچریاں ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 97 وکٹ بھی لئے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT