Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / آل انڈیا شریعت کا جلسہ عام ،سیاسی قائدین و علماء کا اجلاس

آل انڈیا شریعت کا جلسہ عام ،سیاسی قائدین و علماء کا اجلاس

ملک گیر سطح سے سرکردہ شخصیتوں کی شرکت ، جناب مشتاق ملک کا بیان
حیدرآباد ۔ 15  اکٹوبر ۔ (پریس نوٹ) مرکزی حکومت کے یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے کے اقدامات کے خلاف تحفظ شریعت اور احتجاج کیلئے 13 نومبر بروز اتوار نمائش میدان پر بعد نماز مغرب آل انڈیا تحفظ شریعت کانفرنس منعقد ہوگی ، اس کانفرنس کے ضمن میں 22اکٹوبر کو خواجہ منشن مانصاحب ٹینک صبح 10:30 بجے دن ایم ایل ایز ، کارپوریٹر س ، زیڈ پی ٹی سی ، ایم پی ٹی سی مسلم ممبران کے ساتھ علماء و مشائخین کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ 4 نومبر بروز جمعرات شریعت پر ریاست تلنگانہ ، آندھراپردیش ، کرناٹک ، مہاراشٹرا و مساجد میں عہد لیا جائیگا ۔ 13 نومبر کو 12 بجے دن ملک بھر کے مندوبین کا اجلاس دوسرے مذاہب کے مذہبی پیشواؤں کے ساتھ منعقد ہوگا ۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان جو مجلس استقبالیہ آل انڈیا تحفظ شریعت کانفرنس کے کنوینر بھی ہیں بتلایا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کے ساتھ دینی و ملی و مذہبی جماعتیں جماعت اسلامی ، جمعیۃ العلماء ، تحریک مسلم شبان ، سنی علماء بورڈ ، وحدت اسلامی ، صوفی اکیڈیمی کے علاوہ مشائخین کی جانب سے آل انڈیا تحفظ شریعت کانفرنس کا انعقاد عمل میں آئیگا ۔ گزشتہ 2 ماہ سے کانفرنس کی تیاریاں جاری ہیں ۔ ایک لاکھ سے زائد مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگ اس کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ مہاراشٹرا ، کرناٹک اور تلنگانہ میں ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور بعض اضلاع میں کمیٹیوں کی تشکیل کا کام جاری ہے ۔ اضلاع میں جلسے ، علماء اور جماعتوں کے اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ شریعت محمدیؐ میں کسی بھی قسم کی مداخلت کو مسلمان برداشت نہیں کریں گے ۔مرکزی حکومت کے غلط اقدامات کے خلاف 13 نومبر کو نمائش میدان پر یہ احتجاج اپنی نوعیت کامنفرد ہوگا جس میں غلامانِ محمدؐی کے ساتھ دیگر مذاہب کے مذہبی پیشوا بھی اپنے اپنے پرسنل لاء میں مداخلت کے خلاف آواز بلند کریں گے ۔ ہندوستان ہمہ مذہبی اور ہمہ تہذیب اپنے دامن میں رکھتا ہے ۔ بھگوا جماعتیں مرکزی حکومت سے ملک میں بھگوا رنگ لانے کی کوششیں کررہی ہے اور حکومت ہند بھی ملک کو بھگوا رنگ میں رنگنے مستعد نظر آتی ہے ۔ آل انڈیا تحفظ شریعت کانفرنس کی مجلس استقبالیہ 200 اراکین پر مشتمل ہے جو ملت کی متحدہ آواز ہے ۔ ملک کے 22 لوک سبھا ، 10 راجیہ سبھا کے مسلم ایم پیز اور 324 مسلم ایم ایل ایز کو یکساں سیول کوڈ کے خطرات اور شریعت محمدیؐ کی اہمیت و افادیت پر جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان کی جانب سے خطوط روانہ کئے گئے ہیں۔ شریعت کی اس مہم میںمسلمان پرجوش حصہ لے رہے ہیں ۔ کانفرنس کے ضمن میں مسلمانوں کو ’’جان سے بڑھکر ہماری شریعت ‘‘ کا نعرہ دیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT