Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / آملہ کی سنچری ، طاہر کا ریکارڈ مظاہرہ، ویسٹ انڈیز پسپا

آملہ کی سنچری ، طاہر کا ریکارڈ مظاہرہ، ویسٹ انڈیز پسپا

بسٹرے (سینٹ کٹس اینڈ نیویز) ، 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) عمران طاہر نے ریکارڈ کی کتابوں میں اپنا نام تحریر کرایا، جس کی مدد سے جنوبی افریقہ نے سہ قومی ونڈے انٹرنیشنل سیریز کے چھٹے میچ میں ویسٹ انڈیز کے مقابل 139 رنز کی جامع فتح مکمل کی۔ گزشتہ روز سینٹ کٹس کے وارنر پارک میں جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پروٹیز کو پہلے بیٹنگ کیلئے مدعو کیا، جنھوں نے ہاشم آملہ (110 رنز، 99 گیندیں) اور کوئنٹن ڈی کاک (71) کے درمیان 182 کی اوپننگ پارٹنرشپ کے بل بوتے پر 343/4 کا زبردست اسکور کھڑا کیا۔ کیپٹن اے بی ڈی ولیرز نے 27 رنز بنائے جبکہ مڈل آرڈر کے فاف ڈوپلیسی 73 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہمالیائی اسکور کا دفاع کرتے ہوئے جنوبی افریقی لیگ اسپنر نے ناتواں کریبی بیٹنگ کو 9 اوورز میں 7/45 کے غیرمعمولی اعداد و شمار کے ذریعے تہس نہس کردیا، جو او ڈی آئی کرکٹ کی تاریخ میں کسی جنوبی افریقی بولر کی بہترین کارکردگی ہے۔ اس دوران طاہر اپنے 58 ویں میچ میں مورنے مورکل کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ گئے جو کھیلے گئے میچز کی تعداد کے معاملے میں 100 او ڈی آئی وکٹیں سب سے تیز مکمل کرنے والے جنوبی افریقی تھے۔ ’مین آف دی میچ‘ طاہر نے کہا: ’’میں واقعی شکرگزار ہوں جس طرح آج میرے لئے حالات سازگار ہوئے۔ یہ (میچ) ساری ٹیم کی طرف سے بہت عمدہ کوشش ہوئی اور مجھے اپنا حصہ ادا کرنے پر خوشی ہے۔‘‘ قبل ازیں آملہ کی 23 ویں او ڈی آئی سنچری پروٹیز کی طرف سے نمایاں کارگزاری رہی۔ اس کے بعد تو طاہر اور تبریز شمسی (2/41) نے ویسٹ انڈیز کی جوابی اننگز کو قابل لحاظ شروعات کے بعد کبھی سنبھلنے نہ دیا۔ طاہر کے ریکارڈ مظاہرہ میں ایک اوور میں حاصل شدہ تین وکٹیں شامل ہیں، جبکہ میزبانوں کو 38 اوورز میں 204 پر پویلین کی راہ دکھا دی گئی۔ اوپنر جانسن چارلس نے 49 کا ٹاپ اسکور کیا۔ اسٹار بیٹسمن مارلن سامیلز نے 24 رنز بنائے ۔ یہ کامپٹیشن اب قطعی تین لیگ میچز کیلئے کنسنگٹن اوول کو منتقل ہورہا ہے جہاں 19 جون کو جنوبی افریقہ۔ آسٹریلیا میچ مقرر ہے۔

TOPPOPULARRECENT