Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش کو خصوصی موقف دیاجائے‘ راہول کا مودی کو مکتوب

آندھراپردیش کو خصوصی موقف دیاجائے‘ راہول کا مودی کو مکتوب

نئی دہلی۔19اکٹوبر ( سیاست نیوز) راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو لکھا ہے کہ وہ ریاست آندھراپردیش کو مخصوص زمرہ کا موقف جلد از جلد فراہم کریں تاکہ ریاستی عوام میں مایوسی اور جو غم ہے وہ ختم کیا جاسکے مرکز  اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہے ۔ راہول گاندھی نے وزیراعظم کو تحریرکردہ اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ این ڈی اے حکومت کے اقتدار میں آنے کے ایک سال گذر جانے کے باوجود حکومت نے ریاست آندھراپردیش سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا نہیں کیا ہے ۔ کانگریس کے نائب صدر نے کہا ہے کہ وہ گذشتہ ایک برس کے دوران دو مرتبہ ریاست آندھراپردیش کا دورہ کرچکے ہیں اور انہوں نے دیکھا ہے کہ یہاں کی عوام میں مرکز کے متعلق مایوسی اور غم پایا جاتا ہے کیونکہ مرکز نے اس ریاست کے متعلق جو وعدے کئے تھے اسے پورا کرنے میں وہ ہنوز ناکام ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی ریاست میں معاشی‘ ترقی اور دیگر اُمور منجمد ہے اور مرکز کو چاہیئے کہ فوری اس ریاست کی ترقی کیلئے اقدامات کرے ۔ راہول گاندھی نے مزید کہا ہے کہ اب جب کہ رواں ہفتہ وزیراعظم ریاست آندھراپردیش کے نئے دارالحکومت  امراوتی کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کرنے والے ہیں تو اس کا فائدہ اٹھاتے اسے مخصوص زمرہ کا موقف دینے کے علاوہ جو وعدے کئے ہیں اس کی تکمیل کیلئے وقت کے تعین کا بھی اعلان کرے ۔ راہول گاندھی کے بموجب ریاست آندھراپردیش کی عوام میں ریاست کے معاشی استحکام کے متعلق تحفظات پائے جاتے ہیں لہذا ریاست آندھراپردیش کے معاشی استحکام کیلئے جلد اقدامات کئے جانے چاہیئے ۔ ریاست آندھراپردیش کے معاشی استحکام کیلئے یو پی اے حکومت نے کافی اہم اقدامات کا فیصلہ کیا تھا اور اُس وقت کے وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ ریاست آندھراپردیش کو مخصوص زمرہ کی ریاست کا موقف دیا جائے گا ۔ راہول گاندھی نے این ڈی اے کی اپوزیشن پارٹی وائی ایس آر کانگریس پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلہ کو حل کرانے کیلئے مرکز پر کسی قسم کا دباؤ نہیں بنارہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT