Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش کے تعلیمی نصاب سے تلنگانہ کی تاریخ حذف کرنے پر تنقید

آندھراپردیش کے تعلیمی نصاب سے تلنگانہ کی تاریخ حذف کرنے پر تنقید

چندرابابو کو فیصلہ سے دستبرداری کا مشورہ، ٹی آر ایس رکن اسمبلی سرینواس گوڑ کا بیان
حیدرآباد۔/29اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے رکن اسمبلی سرینواس گوڑ نے آندھراپردیش کی نصابی کتابوں سے تلنگانہ کی تاریخ کو حذف کرنے سے متعلق حکومت آندھرا پردیش کے فیصلہ پر سخت تنقید کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس گوڑ نے چیف منسٹر آندھرا پردیش سے مطالبہ کیا کہ وہ فیصلہ سے فوری دستبرداری اختیار کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دو دن میں آندھرا پردیش حکومت فیصلہ کو واپس نہیں لے گی تو ٹی آر ایس پارٹی آئندہ کا لائحہ عمل طئے کرے گی۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے ساتھ ہی آندھرائی قائدین کی ذہنیت آشکار ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل تک آندھرائی قائدین تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو اپنی دو آنکھیں قرار دے رہے تھے لیکن ریاست کی تقسیم کے ساتھ ہی تلنگانہ کی تاریخ کو نصاب سے حذف کرنا ان کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش حکومت نے چھٹویں تا دسویں جماعت کے نصاب سے تلنگانہ کی تاریخ کو حذف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ریاست میں جو نصاب تیار کیا گیا تھا اس میں تبدیلی کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور طلبہ کو تلنگانہ کی تاریخ سے واقفیت کا حق حاصل ہے۔ انہوں  نے کہا کہ نصابی کتب میں پڑوسی ریاستوں کے علاوہ عام طور پر ملک اور بیرون ملک کے اہم تاریخی اُمور کو شامل  کیا جاتا ہے لیکن تلنگانہ کی تاریخ کو حذف کرنے کا فیصلہ مخالف تلنگانہ ذہنیت کا ثبوت ہے۔ انہوں  نے کہا کہ دنیا کی مختلف یونیورسٹیز اور ملک کے سیول سرویس نصاب میں ریاستوں کی تاریخ کو بھی شامل کیا جاتا ہے لیکن افسوس کہ آندھرا پردیش حکومت نے اپنی مخالف تلنگانہ ذہنیت کا ثبوت دیتے ہوئے نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح طلبہ کے ذہنوں کو علاقائی بنیاد پر منقسم کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی دور حکومت میں بھی اس طرح کی تبدیلیاں کی گئی تھیں اور عوام کو ریاستوں کی تاریخ سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ تلنگانہ حکومت نے بھی نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے لیکن وہ علاقائی تعصب کی بنیاد پر نہیں ہوگا بلکہ تلنگانہ جدوجہد کی تاریخ کو شامل کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT