Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش کے ضلع نیلور میں بارہ شہیدوں کی درگاہ پر روٹیوں کا تہوار جاری

آندھراپردیش کے ضلع نیلور میں بارہ شہیدوں کی درگاہ پر روٹیوں کا تہوار جاری

حیدرآباد 13اکتوبر (یواین آئی ) آندھراپردیش کے ضلع نیلور میں بارہ شہیدوں کی درگاہ پر روٹیوں کا تہوار (روٹلا پنڈوگا) جاری ہے ۔ دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں سے لاکھوں زائرین اس میں شرکت کرتے ہیں۔ اس تہوار کا کل آغاز ہوا تھا۔ بارہ شہیدوں کے عرس کے موقع پر ہر سال روٹیوں کا تہوار بڑے پیمانہ پر منایا جاتا ہے ۔ زائرین نیلور کے تالاب کے کنارہ ایک دوسرے سے روٹیوں کا تبادلہ کرتے ہیں تاکہ اپنی منت پوری ہوسکے ۔ مختلف منت کی مختلف روٹیاں ہوتی ہیں ‘ ملازمت ‘ اولاد اور شادی کی بھی روٹی ہوتی ہے ۔ روٹیوں کی تقسیم تالاب میں ہوتی ہے ۔ یہ تہوار پانچ دنوں تک منایا جاتا ہے ۔ کئی زائرین نے بتایا کہ ان کی منت پوری ہوئی جس کے بعد وہ یہاں دوسروں کو روٹیاں دینے کیلئے آئے ہیں ۔ تالاب کے کنارہ زائرین کے لیے ایک گھاٹ بنایا گیا ہے ۔ اس عرس کے سلسلہ میں وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے بارہ شہیدوں کے عرس کے سلسلہ میں 6کروڑ روپئے کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ کسی بھی ناگہانی واقعہ کو روکنے کیلئے احتیاطی اقدامات کئے گئے ۔ جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے اورڈرون کی مدد سے بھی نظر رکھی جارہی ہے ۔ اس مقام پر بارہ شہیدوں کی مزاریں ہیں جو بتایا جاتا ہے کہ اس علاقہ میں داخل ہونے والی پہلی مسلم فوج کا حصہ تھے ۔ جنگ کے دوران یہ بارہ افراد شہید ہوگئے جن کی یہاں پر مزاریں ہیں ۔ نیلور میں یہ درگاہ کافی مشہور ہے ۔

TOPPOPULARRECENT