Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / آندھرا سے تعلق رکھنے والے ماں بیٹے کا قتل

آندھرا سے تعلق رکھنے والے ماں بیٹے کا قتل

امریکہ کے شہر نیوجرسی میں واقعہ ۔ خاتون کے والدین کو داماد پر شبہ
حیدرآباد 24 مارچ ( سیاست نیوز ) امریکہ کے شہر نیوجرسی میں آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سافٹ ویر پروفیشنل اور اس کے سات سالہ لڑکے کا قتل کردیا گیا ۔ یہاں موصولہ اطلاعات کے بموجب یہ خاتون این ششی کلا اور اس کا شوہر سافٹ ویر ماہرین ہیں اور وہ نیوجرسی میں کام کرتے ہیں۔ ان کا تعلق آندھرا پردیش کے ضلع پرکاشم سے ہے ۔ تفصیلات کے بموجب یہ خاتون آج دو پہر اپنے بیٹے کو اسکول سے لے کر گھر پہونچی تھی تاہم جب اس کا شوہر ایم ہنمنت راؤ اپنے کام سے گھر پہونچا تو ان دونوں کی نعشیں خون میں لت پت حالت میں پائی گئیں اور ان کے گلے کٹے ہوئے تھے ۔ این ششی کلا کے بیٹے کا نام انیش سائی بتایا گیا ہے ۔ یہ جوڑا گذشتہ دس سال سے زیادہ عرصہ سے امریکہ میں مقیم تھا اور اسے اب تک وہاں کوئی مسئلہ درپیش نہیں آیا تھا ۔ ہنمنت راؤ کے والد سبا راؤ نے یہ بات بتائی جو اپنے بیٹے سے تقریبا روز ہی فون پر بات چیت کیا کرتے تھے ۔ امریکہ میں اس دوہرے قتل کی اطلاع ملنے پر فوری تحقیقات شروع کردی گئی ہیں تاہم یہاں پرکاشم ضلع کے اس گاوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور کئی افراد نے گھر پہونچ کر سبا راؤ سے اظہار ہمدردی کیا ۔ اس اطلاع ملنے پر پرچور کے رکن اسمبلی وائی سامبا شیوا راؤ نے تلگواسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ ( تانا ) اور چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے مداخلت کی اپیل کی تاکہ ان کی نعشوں کو آبائی گاوں کو لایا جاسکے ۔ یہ قتل امریکہ میں ہندوستانی آئی ٹی ماہرین پر ہونے والے پر تشدد حملوں کے تسلسل کا تازہ ترین واقعہ ہے ۔ اس دوران چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے ۔ اس دوران ششی کلا کے والدین نے جو وجئے واڑہ میں رہتے ہیںاس واقعہ پر شبہ کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ان کا داماد اس میں ملوث ہو۔ ششی کلا کے والدین وینکٹیشورلو اور کرشنا کماری نے الزام عائد کیا کہ ان کا داماد ان کی بیٹی گذشتہ دو سال سے خیال نہیں رکھ رہا تھا اور اس کے کسی اور خاتون سے تعلقات بھی تھے ۔ والدین کا کہنا ہے کہ ان کی دختر نے فون پر کئی بار اپنے شوہر کی شکایت بھی کی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT