Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش ایمسیٹ میں تلنگانہ طلباء کا شاندار مظاہرہ

آندھرا پردیش ایمسیٹ میں تلنگانہ طلباء کا شاندار مظاہرہ

حیدرآباد کے مسلم طالب علم اکرام خاں کی کامیابی بہترین مثال
حیدرآباد۔/21مئی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے منعقدہ ایمسیٹ امتحانات میں تلنگانہ کے طلبہ نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ابتدائی10 رینک میں 6رینک حاصل کرلئے ہیں۔ حیدرآباد کے مسلم طالب علم اکرام خاں نے 5واں رینک حاصل کرتے ہوئے اقلیتی طلبہ کیلئے بہترین مثال قائم کی ہے۔ آندھرا پردیش ایمسیٹ میڈیکل کے نتائج آج جاری کئے گئے اور اس میں تلنگانہ طلبہ کا بہترین مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ آندھرا پردیش کی حکومت بھی تلنگانہ طلبہ کے اس مظاہرہ سے حیرت میں ہے۔ دونوں ریاستوں کے ایمسیٹ میں کسی بھی ریاست کے طالب علم کو شرکت کی اجازت حاصل تھی۔ ایمسیٹ میڈیکل میں جن 10 رینک کا اعلان کیا گیا ان میں 2، 3 ، 5 ، 6 ،8 اور 9 رینک تلنگانہ کے حصہ میں آئے۔ پہلا رینک کرنول کی طالبہ ہیما لتا کو حاصل ہوا جبکہ دوسرا رینک رنگاریڈی کے ساتوک ریڈی کو حاصل ہوا جنہیں 155نشانات حاصل ہوئے۔ تیسرا رینک یگنی پریہ حیدرآباد کو حاصل ہوا جنہیں 153نشانات حاصل ہوئے۔ چوتھا رینک ضلع کرشنا کی نیہا کے حق میں آیا جبکہ پانچواں رینک حیدرآباد کے اکرام خاں نے حاصل کیا جنہیں 152نشانات حاصل ہوئے۔ حیدرآباد کی ہی طالبہ ایس ساوتری نے 152نشانات کے ساتھ چھٹواں رینک حاصل کیا۔ وشاکھاپٹنم کی شیلجہ کو ساتواں اور ورنگل کی جی مینن کو 150نشانات کے ساتھ آٹھواں رینک ملا۔ نلگنڈہ کے شیو کمار نے 150نشانات کے ساتھ نواں رینک حاصل کیا جبکہ دسواں رینک ضلع پرکاشم کے پرتاپ ریڈی کے حصہ میں آیا۔ ان نتائج کی بنیاد پر آندھرا پردیش کے میڈیکل کالجوں میں داخلے دیئے جائیں گے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے میڈیکل کالجس میں داخلے کیلئے NEET امتحان کو ایک سال کیلئے موخر کرنے کے فیصلہ کے بعد آندھرا پردیش حکومت نے ایمسیٹ میڈیسن کے نتائج جاری کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT