Saturday , June 24 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش حکومت کی اسکیمات کی تشہیر کے لیے صحافیوں کی ٹیم تشکیل

آندھرا پردیش حکومت کی اسکیمات کی تشہیر کے لیے صحافیوں کی ٹیم تشکیل

کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ کی تجویز پر چیف منسٹر چندرا بابو کی منظوری
حیدرآباد۔/9ڈسمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت کی اسکیمات اور ریاستی ترقی کے اقدامات کی ملک بھر میں بہتر تشہیر کیلئے 25 صحافیوں پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس سلسلہ میں کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے پیش کردہ تجویز کو منظوری دے دی۔ صحافیوں پر مشتمل یہ خصوصی ٹیم چیف منسٹر آفس کے اشتراک سے کام کرے گی اور حکومت کے اقدامات اور ریاست کی ترقی کی سرگرمیوں کو ملک بھر میں میڈیا اداروں کے ذریعہ عوام تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ پہلا موقع ہے جبکہ چندرا بابو نائیڈو نے صحافیوں کی ایک بڑی ٹیم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق میں وہ چیف منسٹر کی حیثیت سے تشہیر کیلئے صحافیوں کی خدمات حاصل کرچکے ہیں تاہم آندھرا پردیش کے دارالحکومت کی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے اقدامات کے پیش نظر ملک اور بیرون ملک آندھرا پردیش حکومت کی تشہیر کیلئے یہ صحافی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ مختلف زبانوں کے یہ صحافی سابق میں قومی اور بین الاقوامی اخبارات اور میگزین سے وابستہ رہ چکے ہیں ان میں بعض کا تعلق مقامی، علاقائی زبان کے اخبارات سے رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس گروپ میں شامل ہر صحافی کو ماہانہ اعزازیہ کے طور پر 40 ہزار روپئے اور دیگر اخراجات کیلئے 11468 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ اس طرح ہر صحافی کو ماہانہ 51,468 روپئے حاصل ہوں گے۔ صحافیوں کو ای ایس آئی، ای پی ایف اور دیگر سہولتیں بھی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے وابستہ عہدیدار اس ٹیم سے تال میل کے ساتھ کام کریں گے اور مختلف صحافیوں کو الگ الگ موضوعات اور محکمہ جات کی ذمہ داری دی جائے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT